اداکارہ صبور علی نے خودکشی کی خبروں کی تردید کردی

April 22, 2019

پاکستان کی پر کشش اداکارہ سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی نے اپنے حوالے سے گردش کرنے والی خودکشی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ صبور علی گزشتہ چند روز سے فوڈ پوائزننگ کے باعث اسپتال میں داخل تھیں، ان کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سامنے آتے ہی یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ انہوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی جس کے ناکام ہوجانے کےسبب وہ اسپتال میں داخل ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صبور علی نے اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’خودکشی کی افواہوں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے، میں محض فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے اسپتال میں داخل رہی تھی اور اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘

اس کے علاوہ انہوں نے صحت کی دعا دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ان سب کا شکریہ جنہوں نے مجھے پیاراور ہمت دی۔‘ صبور علی نے مزید کہا کہ میری سب سے گزارش ہے کہ کسی کی بھی خودکشی یا موت سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے، اس طرح کی خبروں سے مجھے دلی صدمہ ہوا ہے۔

اداکارہ صبور علی نے یہ بھی کہا کہ ’ایسی خبریں پھیلا نے سے پہلے اُس شخص کے بارے میں سوچ لیا کریں جس سے متعلق وہ خبر ہے۔‘