’ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے‘

April 23, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پوری تیاری کے ساتھ انگلینڈ جارہے ہیں، ٹیم میں میگا ایونٹ جیتنے کی صلاحیت ہے۔

ورلڈ کپ اور انگلینڈ سے سیریز کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں کوئی ایک ٹرم کارڈ نہیں ہمارے تمام پندرہ کھلاڑی ترپ کے پتے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہو گئی، روانگی سے پہلے کھلاڑی انتہائی پر جوش نظر آئے۔

انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، جنید خان، یاسر شاہ، محمد حسنین، عابد علی، بابر اعظم اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ شعیب ملک دبئی سے ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی جبکہ پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا۔