نشوا کی طبیعت غلط انجکشن لگنے سے بگڑی

April 23, 2019

کراچی کے نجی اسپتال دارالصحت میں نوماہ کی نشوا کی طبیعت غلط انجکشن لگنے سے بگڑی، اسپتال بروقت درست علاج کرتا تو بچی بچ سکتی تھی، تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ کوپیش کردی گئی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مڈوائف صوبیہ اور نرسنگ اسسٹنٹ معیز نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، نجی اسپتال فوری طور پر غیر تربیت یافتہ عملے کو فارغ کرے، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتال پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کردی۔

جیو نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نشوا کو گلستان جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال میں ڈائریا کی شکایت پر داخل کرایا گیا جہاں نشوا کو پوٹاشیم کلورائیڈ کا غلط انجکشن لگایا گیا۔

رپورٹ میں مڈوائف ثوبیہ اور نرسنگ اسسٹنٹ معیز کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

کمیشن نے اسپتال انتظامیہ کو فوری طور غیر تربیت یافتہ عملے کو فارغ کرنے اور اسپتال پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ کی تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ تیار کرکے محکمہ صحت میں جمع کروادی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نشوا کی طبیعت غلط انجکشن لگنے سے بگڑی، بروقت علاج کیا جاتا تو بچی بچ سکتی تھی، پوسٹ مارٹم کے بعد بچی کے جسم سے نمونے حاصل کئے گئے ہیں جو فارنزک لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔

حتمی رپورٹ نمونوں کے نتائج آنے کے بعد دی جائے گی۔

کمیٹی کی رپورٹ میں بھی اسپتال میں صحت کی سہولیات کی کمی اور عملے کے غیر تربیت یافتہ ہونے سمیت دیگر خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔