موبائل فون سموں کو غیر قانونی طور پر کار آمد بنانے والا گروہ گرفتار

April 24, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے موبائل فون سموں کو غیر قانونی طور پر کار آمد بنانے والے گروہ کے 7کارندوں کو گرفتار کر لیا،ملزمان فلاحی ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے عوام کے فنگر پرنٹس حاصل کرتے تھے، ملزمان دہشت گردی، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کی سہولت کاری کر رہے تھے،گھناؤنے دھندے کی روک تھام کےلئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2008میں حکومت پاکستان نے موبائل فون سم کے لیےبائیومیٹرک سسٹم لازمی کردیا تھا کیونکہ اس سے قبل کوئی بھی شخص کسی کی بھی سم استعمال کرسکتا تھا جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد،دہشتگردان سموں کااستعمال کرکے محفوظ رہتے تھے اس سسٹم کے بعد خصو صاً بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان ، گرے ٹریفک (غیرقانونی ٹیلی فون ایکسچینج) سمیت دیگر جرائم میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی تھی لیکن گزشتہ عرصہ کےد وران بڑی دہشتگردی کی کارروائیوں کی تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ جرائم پیشہ افراد جو بھی موبائل سم استعمال کی وہ کسی نہ کسی بے گناہ شخص کے نام پر جاری کی گئی ہیں اور ان بے گناہ افراد کوتفتیش کے انتہائی مشکل حالات سے گزرنا پڑا ۔