گرمیاں شروع ہوتے ہی کراچی کے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ یا مرمت کے نام پر بجلی بند

April 25, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے گرمیاں شروع ہوتے ہی کراچی کے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ یا مرمت کے نام پر بجلی بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے متعدد علاقوں سے مکینوں نے بتایاکہ رمضان المبارک کی آمد ہے لیکن اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو روزے داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا سب سے زیادہ شکایات ملیرکے علاقے سے موصول ہورہی ہیں جہاں گزشتہ چند دنوں سے صبح بجلی بند کردی جاتی ہے یا پھر ہرگھنٹے بعد دو گھنٹے کے لیے بجلی کے تعطل کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جن علاقوں میں کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ نہیں کرتی وہاں بھی بجلی کی بندش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں کے دورانیے میں اضافہ کردیا گیا ہے شہر کے دیگر علاقوں کورنگی نمبر5 آئی ایریا میں دو تین بار بجلی بند کی جارہی ہے فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس بالخصوص بلاک10 گلبرگ فیڈرل بی ایریا، شیرشاہ، ماری پور گریکس، کیماڑی کے مختلف علاقوں سمیت دیگر آبادیوں سے بجلی کی بندش یا لوڈشیڈنگ میں اضافے کی اطلاعات ملیں جس سے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں صارفین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی پرائیوٹائزیشن کو کئی سال گزرنے کے باوجود شہری لوڈشیڈنگ سے چھٹکارہ نہ پاسکے کے الیکٹرک کے لوڈشیڈنگ فری شہر بنانے کے دعوے سچ ثابت نہ ہوسکے۔