ویزے کیلئے اسٹیکر سسٹم ختم، عمرہ زائرین کو آن لائن عمرہ ویزا جاری کیا جائیگا

April 25, 2019

اسلام آباد(آئی این پی ) سعودی حکومت نے پاکستان سے جانیوالے عمرہ زائرین کیلئے اہم سہولت کا اعلان کردیا، اب عمرہ زائرین کو آن لائن عمرہ ویزا جاری کیا جائے گا اور عمرہ زائرین کی اب بائیو میٹرک بھی نہیں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور سعودی حکومت کے درمیان ہونیوالی ملاقاتوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی۔سعودی حکومت نے پاکستان کو ای ویزا لسٹ میں شامل کرتے ہوئے عمرہ زائرین کیلئے اہم سہولت کا اعلان کردیا، عمرہ زائرین ای ویزے کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کرسکیں گے، زائرین سعودی عمرہ کمپنی سے ہونے والے معاہدے کے مطابق اپنے ٹریول ایجنٹس کو پاسپورٹ جمع کرائینگے۔