بچی کی ہلاکت: اسپتال کی بندش پرحکومت ،ہیلتھ کمیشن ابہام کا شکار

April 26, 2019

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن دارالصحت اسپتال کی بندش کے حوالے سے گومگو کا شکار ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتال کی بندش کے احکامات جاری کیے تھے لیکن سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر منہاج قدوائی کا کہنا ہے کہ کمیشن کی اپنی ریگولیٹری باڈی ہے جو اپنا فیصلہ خود کرے گی ہم اپنے موقف پر قائم ہیں دارالصحت اسپتال کو مکمل بند نہیں کیا جائے گا ، کمیشن کی جانب سے اسپتال کے عملے کو تربیت دی جائے گی ، جو تجاویز اسپتال کو دی گئی ہیں اگر اس پر عمل کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر اور سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا تو اسپتال کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی تاہم اس وقت تک اسپتال میں نئے داخلے اور میڈیکل و ڈینٹل او پی ڈیز بند رہیں گی جبکہ داخل مریضوں کو مکمل صحت یابی تک منتقل نہیں کیا جائے گا ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈا کٹر منہاج قدوائی کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحت کی سہولیات کو حکومت پورا نہیں کر سکتی اس لئے نجی اسپتالوں سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب دارا لصحت اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ نشوا کا واقعہ پیش آنے کے بعد اسپتال نے خود کاروائی کی ۔ہیلتھ کیئر کمیشن نے نئے داخلوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی صرف او پی ڈی کو سیل کیا ہے اگر کوئی مریض آئے گا تو اسے داخل کیا جائے گا۔