افغانستان سے دہشت گردوں کا باڑ لگانے والی پاکستانی فورسز پر حملہ، 3 جوان شہید، کئی دہشت گرد ہلاک

May 02, 2019

راولپنڈی / اسلام آباد / چمن (نیوز ایجنسیز / نمائندہ جنگ) شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگاتے ہوئے فوجی جوانوں پر افغانستان سے دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 3؍ جوان شہید اور 7؍ زخمی ہوگئے ، فوجی جوان شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الواڑہ میں اہلکار باڑ لگانے میں مصروف تھےکہ 60؍ سے 70؍ دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے دھاوا بول دیا تاہم پاک فوج کے جوانوں نے حملہ پسپا کردیا اور جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد مارے گئے۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود باڑ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، افغان سکیورٹی فورسز اور حکام کو سرحد پر کنٹرول موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ادھر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے حملے پر احتجاج کیا ۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی افغانستان سے 5؍ راکٹ فائر کئے گئے جس سے 2؍ افراد زخمی ہوگئے ۔ پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس سے سرحد پار حملہ آور فرار ہوگئے ۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الواڑہ میں سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے میں 3؍ جوان شہید جبکہ 7؍ زخمی ہوگئے، پاک فوج کے جوانوں نے حملہ پسپا کردیا، پاک فوج کے جوان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے ۔ افغانستان سے 60سے 70 دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الواڑہ میں سرحد پر باڑ لگانے والے پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کیا جسے پاک فوج کے جوانوں نے پسپا کردیا۔ اس دوران پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ پاک فوج کے تین جوان شہید اور7 زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود باڑ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے، افغان سکیورٹی فورسز اور حکام کو سرحد پر کنٹرول موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں استعمال ہونے پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے کاکڑ خراسان کے جنرل ایریا قمرالدین کاریز میں افغانستان کے علاقے سے چار سے پانچ راکٹ فائر کیے گئے جس میں بارڈر فینسنگ عملے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ لیویز حکام کے مطابق راکٹ لگنے سے 2؍ افراد معمولی زخمی ہوئے ،پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس سے سرحد پار حملہ آور فرار ہوگئے۔ ژوب کے ایریا میں بارڈر فینسنگ کا عمل تیزی کیساتھ جاری ہے ۔ لیویز حکام کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل ضلع ژوب کے حدود میں پاک افغان بارڈر پر پاک افغان بارڈر پر فینسنگ کے سلسلے میں خاردار تار کی تنصیب کا عمل شروع کیا گیا تھا ژوب کے قریب بلوچستان کی حدود میں پاک افغان بارڈر پر پہلی بار فینسنگ شروع کی گئی ہے ۔