حکومت نئے بجٹ میں امام خطیب اور موذن کی تنخواہوں کاتعین کرے،علماء

May 16, 2019

لاہور (نمائندہ جنگ ) تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیر اہتمام امام وخطیب حقوق وفرائض کانفرنس زیر صدارت چیئرمین پیر محمدضیاءالحق نقشبندی ہوئی جس میں50سے زائد مفتیان کرام اور علماءکے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضیاءالحق نقشبندی نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیاہے جس طرح ہر سال بجٹ میں عام مزدور کی تنخواہ کا تعین کیا جاتا ہے ۔اورسرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جاتی ہیں،اسی طرح حکومت وقت سال بجٹ میں پرائیویٹ مساجد کے امام وخطیب اور موذن کی تنخواہ کا تعین کرے۔امام وخطیب کم از کم 25ہزار ،موذن کی20 ہزار اورخادم کی 18ہزار تنخواہ مقررکی جائے اور بجٹ کے بعد انتظامیہ مساجد امام وخطیب اورموذن کی تنخواہ اعلان کے مطابق نہیں کرتیں تو ایسی مساجد انتظامیہ کے خلاف حکومت قانونی کاروائی کرے ۔حکومت امام وخطیب کی تنخواہیں اور مراعات12گریڈ سے لیکر 20گریڈ کے برابر کرے۔ اس سے سوسائٹی کا دینی معیار بلند ہوگا، حکومت امام وخطیب سے تحریری معاہدہ اور ہر ماہ چار چھٹیوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر قانون سازی کرے۔مساجد کے واپڈا بلوں میںٹی وی ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے ، محکمہ اوقاف و مذھبی امور آئمہ خطباءمدرسین موذنین خدام کواپ گریڈ کیاجائے ، کئی سالوں سے اگلے سکیل میں پوسٹیں خالی ھونے کے باوجود محکمانہ پروموشن نہیں کی گئی ،2011 میں ریگولر ھونے والے ملازمین کی ابھی تک سنیارٹی لسٹ مرتب نہیں کی گئی،محکمہ اوقاف میں براہ راست بھرتی کے لیے %30 کوٹہ جبکہ محکمانہ پرموشن کے لئے %70 کوٹہ مقرر کیا جائے ، وفاقی وزارت مذھبی امورکی طرح ہرمسجد کا بنیادی سکیل 12 مقرر کیا جائے ، آئمہ خطباءکو پلاٹ دیئے جائیں، علمائے کرام کا بنیادی سکیل تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے کم از کم 16کیا جائے۔ مفتی حسنین رضا ،مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی ،مفتی شہباز سیفی ،مفتی مسعود الرحمن ،علامہ میر آصف اکبر ،مولانا محمد علی نقشبندی ،مفتی محمد ندیم قمر،مفتی محمد عمر، مفتی شفقت یوسفی ،مفتی محمد صدیق قادری ،مفتی نعیم احمد صابری،مفتی شاہد محمود مدنی ،مفتی محمد جاوید ہاشمی ،علامہ محمد طاہر شریف ،قاری غلام حسین نقشبندی ،مولانا زبیر احمد شاہ ،مولانا محمد ابوالخیر محمد زوار حسین ،مولانا قاری شکیل احمد ،مولانا محمد خلیل حنفی ،مولانا قاری محمد ادریس شاہ ،مولانا افتخار احمد ،مولانا محمد وسیم حیدر قادری ،مولاذیشان علی ہجویری ،مولانا محبوب حسین ،مولانا محمد اختر رضا قادری ،مولانا ذیشان صابری ،مولانا کبیر احمد ،مولانا حافظ زاہد حسین اوردیگر شریک تھے ۔