ڈی ایچ اے منتقلی کیس میں ملزمان کو پلی بارگین کی اجازت، مادروطن کو مال غنیمت نہ سمجھیں، سپریم کورٹ

May 17, 2019

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے ڈی ایچ اے کو زمین منتقل کرنے سے متعلق کیس میں ملزمان کو نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنے کی اجازت دے دی۔ جمعرات کو جسٹس شیخ عظمت سعیدکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے 731.28 ایکڑ سرکاری اراضی ڈی ایچ اے کو منتقل کرنے سے متعلق معاملے میں 18 نامزد ملزمان کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی تو جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں ،فرق کرنا ہوگا مال غنیمت او ر مادر وطن میں، مادر وطن کو مال غنیمت نہ سمجھیں، جسٹس سجاد علی شاہ نے سوال کیاکہ حکومت کی اراضی کو کس طرح منتقل کیا گیا، ریونیو افسران کی جانب سے ایڈکیٹ شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایاکہ ریونیو افسران نے صرف تصدیق کی ہے ،نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل نیئر رضوی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ریونیو افسران نے 731.28 ایکڑ سرکاری اراضی منتقل کی یہ اراضی ہائی وے کی تھی ، جعلی زمین مالکان نے قومی خزانے کو 2 عشاریہ 84 ارب کا نقصان پہنچایا۔