آسٹریلیا سے وائٹ واش کے بعد پاکستان انگلینڈ کے ہاتھوں کلین سوئپ

May 20, 2019

کراچی(نیوزڈیسک)آسٹریلیا سے وائٹ واش کے بعد پاکستان انگلینڈ کے ہاتھوں بھی کلین سوئپ ہوگیا۔سیریز کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان 54رنز سے شکست دے کر سیریز چارصفر سے جیت لی۔تفصیلات کے مطابق،اتوار کولیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،انگلش اوپنرز جیمز ونس اور جونی بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 63رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر ونس 33رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔اسکور 105تک پہنچا تو عماد وسیم نے 32رنز بنانے والے جونی بیئراسٹو کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔اس کے بعد جو روٹ کا ساتھ دینے کپتان آئن مورگن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 117رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔ انگلش کپتان 64گیندوں پر 76رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔252کے مجموعے پر حسنین نے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے 84رنز کی اننگز کھیلنے والے جو روٹ کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔جوز بٹلر اور بین اسٹوکس کی وکٹ پر موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میزبان ٹیم 400رنز کا مجموعہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن عماد وسیم نے ایک ہی اوور میں بٹلر اور معین علی کی وکٹیں لے کر انگلینڈ کو بڑا نقصان پہنچایا،بین اسٹوکس نے 21، ٹام کورن نے 29 اور ڈیوڈ ولی نے 14رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ عماد وسیم نے3وکٹیں حاصل کیں،ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز تباہ کن تھا اور کرس ووکس نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے فخر زمان، عابد علی اور محمد حفیظ کو پویلین لوٹا کر پاکستان کو 6رنز پر تین وکٹوں سے محروم کردیا،محمد حفیظ بدقسمت رہے اور آسٹریلوی امپائر پال رائفل کے غلط فیصلے کا شکار بنے،اس موقع پر بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 146رنز کی شراکت قائم کی،بابر اعظم رن آئوٹ ہوئے جس کے بعدسرفراز احمد نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن تجربہ کار شعیب ملک صرف 4رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب کپتان سرفرازاحمد 97رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،عماد وسیم اور آصف علی نے 39رنز جوڑے ہی تھے کہ لیگ سائیڈ پر جاتی گیند کو چھیڑنے کی پاداش میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ ہوا،اسکور 250 تک پہنچا تو آصف علی کی 22رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جبکہ حسن علی چھکا مارنے کی کوشش میں کرس ووکس کی میچ میں پانچویں وکٹ بن گئے،انگلینڈ کو آخری وکٹ کے حصول میں نسبتا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین نے 10ویں وکٹ کے لیے 47رنز کی شراکت قائم کی تاہم عادل رشید نے حسنین کی وکٹ لے کر اس شراکت اور میچ کا خاتمہ کردیا، حسنین نے 24 اور شاہین نے 19رنز بنائے،انگلینڈ نے میچ میں 54رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز اپنے نام کر لی۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ عادل رشید نے اتنے ہی رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔