بلاول کی افطار پارٹی،اسفندیار،سراج الحق محمود اچکزئی اور اختر مینگل شریک نہیں ہوئے

May 20, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) بلاول بھٹو کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی اور مشاورتی اجلاس میں مدعو کئے جانیوالے جو قائدین شریک نہیں ہوئے ان میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان، پشتون ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور اختر مینگل شامل تھے۔ اسفند یار ولی کے بارے میں بتایاگیا کہ وہ ناسازی طبع کے باعث محمود خان اچکزئی فلائٹ نہ ملنے اور سراج الحق کراچی میں مصروفیات کے باعث شریک نہ ہوئے تاہم ان قائدین کے نمائندوں نے اپنی جماعتوں کی نمائندگی۔ اجلاس میں سب سے بھاری بھرکم وفد مسلم لیگ (ن) کا تھا جس کی قیادت مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کررہی تھیں جبکہ وفد میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،حمزہ شہباز،پرویز رشید،مریم اور نگزیب موجود تھیں۔ اے این پی کے اسفندیار ولی کے صاحبزادے ایمل دل خان ،میاں افتخار حسین، زاہد خان جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن نے اپنےوفد کی قیادت کی۔ علاوہ ازیں دوسرے رہنمائوں میںپی ٹی ایم کے محسن داوڑ اور علی وزیر نے اپنی پارٹی کی قیادت کی جبکہ بلوچستان سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو،قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپائو خان، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے مولانا سراج الحق کی نمائندگی کی۔اسی طرح جہانزیب جمال دینی نے اپنی پارٹی کی نمائندگی کی۔پیپلز پارٹی کے وفد میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری ، سید خورشید شاہ، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، سید یوسف رضا گیلانی، شیری رحمن، رضا ربانی، فرحت اللہ بابر،ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔