لاہور سمیت کئی شہروںمیں آندھی، بارش، دیواریں گرنے سے 6 افراد زخمی

May 20, 2019

لاہور، اسلام آباد، شیخوپورہ، کامونکی(مانیٹرنگ سیل،اپنے نامہ نگار سے ،نمائندہ جنگ، نامہ نگار )لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ، کامونکی اور شیخوپورہ میں دیواروں گرنے سے خاتون سمیت 6افراد زخمی ہو گئے۔ تندو تیز آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ، محکمہ موسمیات کی آج بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،لاہور میں آندھی چلنے سے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، تیز ہوائوں کی وجہ سے سائن بورڈ گر گئے۔ ادھر کامونکی کے موضع تولیکی ورکاں میں آندھی کی وجہ سے دیوار گرنے سے 40سالہ آسیہ بی بی ملبے تلےدب کر شدید زخمی ہوگئی ۔اُسے فوری طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر شیخوپورہ میں رات گئے تندو تیز آندھی کے باعث علاقہ بھکھی روڈ گلی قاسم آرائیں والی مین ایک گھر کی دیوار گرنے سے 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو عملے نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی علاقوں میں بھی آندھی کے باعث بجلی معطل رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم رہنے جبکہ کوئٹہ ، ژوب، ڈی آئی خان،کشمیر و گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔