حکومت ملک کو ڈیفالٹ کیجانب لے گئی،باہر نکلنا ہوگا،راناثناء

May 22, 2019

کراچی(جنگ نیوز)صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے پروگرام ”جیو پاکستان“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے گئی ہے ہمیں عوام کے مسائل کے لیے باہر نکلنا ہوگا،افسوس کی بات یہ ہے کہ متکبر اور احمق حکمران اپوزیشن کے ساتھ ہاتھ ملانے کو تیا رنہیں ہیں ملک کے مسائل کا حل صرف یہ ہے چاہے وہ حکومت ہے یا اپوزیشن سب سر جوڑ کر بیٹھیں اورملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچائیں۔رہنماء تحریک انصاف فیصل جاوید نے کہا کہ پبلک نے ہمیں ووٹ چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لیے ووٹ دیا عمران خان نے بائیس سال اینٹی کرپشن جدوجہد کی ، عوام کے لوٹے ہوئے پیسے کو واپس لانا ہے عمران خان کسی صورت کچھ بھی ہوجائے این آر او نہیں دینے لگے،ماہر بین الااقوامی قوانین ریما عمر نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ آف شور ڈرلنگ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور سرے محل میں ہونی چاہیے وہاں بڑا خزانہ ہے اپوزیشن والے ضرور احتجاج کریں ہم ان کو کھانا پانی فراہم کریں گے مگر ان کے ساتھ عوام نہیں نکلیں گے۔ ہمارا گھر ویلفیئر ٹرسٹ کے صدرکیپٹن (ر)طارق محمود نے کہا ہم نے یہ کام 2005 کے زلزلے کے وقت شروع کیا۔ہم اور ہمارے گھر والے امداد لے کر آزاد کشمیر گئے تھے 97 یتیم بچے ’ہمارا گھر‘ کی زیر کفالت ہیں بچیوں کی تعلیم کے لیے ہم نے ہمارا گھر اسکول بنایا اور تمام بچیاں وہیں پڑھ رہی ہیں،پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ ہمارا گھر ویلفیئر ٹرسٹ میں زکوٰۃ وعطیات جمع کرائیں۔بچوں میں پیدائشی نقائص کے ماہر ، برتھ ڈیفیکٹس فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر انصر جاوید نے کہا کہ لوگ ایسے نقائص چھپاتے ہیں۔