’’اکاؤنٹس منجمد کرنے کے قانون میں تبدیلی نہیں کی‘‘

May 22, 2019

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس منجمد کرنے سے متعلق قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، یہ ہدایت کی ہےکہ جس کا اکاؤنٹ منجمد کیا جائے اسے 24 گھنٹے پہلے آگاہ کیا جائے۔

چیئرمین ایف بی آر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک میں ٹیکس فائلرز کی تعداد کم ہے، جبکہ رجسٹرڈ صنعتی صارفین کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار ہے۔

شبر زیدی نے بتایا کہ پاکستان میں ایک لاکھ کمپنیاں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ صرف 50 ہزار کمپنیاں ٹیکس فائل کر رہی ہیں، اس سلسلے میں ہم نے ایس ای سی پی چیئرمین کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ باقی 50 ہزار کمپنیوں کو وہ نکالیں یا پھر میں نکالوں گا ۔

انہوں نے بتایا کہ ایمنسٹی اسکیم میں سیلز ٹیکس نا دہندگان کو بھی موقع دیا گیا ہے، اس کانتیجہ دیکھنے کے لیے ابھی انتظار کرنا پڑے گا۔

چیرمین ایف بی آر نے کہا کہ انہیں شکایات آ رہی تھیں کہ لوگوں کو نوٹس موصول نہیں ہو رہے اور اکاؤنٹس منجمد کئے جا رہے ہیں، جبکہ ایسا کچھ نہیںہے اکاؤنٹ منجمد کرنے سے 24 گھنٹے پہلے آگاہ کیا جاتا ہے۔