اسٹاکس، زبردست تیزی، ڈالر سستا، 1195 پوائنٹس کا اضافہ، شیئرز مالیت 200 ارب بڑھ گئی، سعودی عرب جولائی سے 3 سال ہر ماہ 42 ارب روپے کا ادھار تیل دے گا

May 23, 2019

کراچی / اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر / نیوز ڈیسک/ نمائندہ جنگ) حکومت کی کوششیں رنگ لانے لگیں اور اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی آئی ، انڈیکس میں 1195؍ پوائنٹس کا اضافہ ہوااورانڈیکس کی 34؍ ہزار کی حد بھی بحال ہوگئی جبکہ شیئرز کی مالیت تقریباً 200؍ ارب روپے بڑھ گئی۔ ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی ٹھہراؤ آیا اور ڈالر سستا ہوگیا ، انٹر مارکیٹ میں ڈالر صرف 5پیسے بڑھا تاہم اوپن میں 50پیسے کم ہوئے جبکہ سونے کی فی تولہ قیمت میں 800روپے کمی ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری جانب سعودی عرب سے پاکستان کیلئے اچھی خبر آگئی، سعودی عرب یکم جولائی سے 3؍ سال تک ہر ماہ تقریباً 42؍ ارب روپے کا اُدھار تیل دے گا۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ سعودی اُدھار تیل سے ادائیگیوں کے توازن کی پوزیشن بہتر ہوگی ، پاکستانی عوام ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں جبکہ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ ریاض کے تعاون سے زرمبادلہ کےذخائر بہتر ہوں گے۔ علاوہ ازیں ضروری ہدایت جاری کردی گئیں کہ محکمہ کسٹم اور نیشنل بینک ڈالر کے شرح تبادلہ ہر روز اپ ڈیٹ کریں گے جس کے تحت نظام کی اصلاح اور غلطیاں ختم ہوسکیں گی۔ تفصیلات کےمطابق حکومتی کوششیں رنگ لانے لگیں، مالیاتی اداروں اورانسٹی ٹیوشنز کی بڑے پیمانے پر خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہرآئی اور 100؍ انڈیکس میں 1195؍ پوائنٹس کا بڑا اضافہ ہوا اور 34؍ ہزار کی حد بحال ہوگئی اور سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 97؍ ارب 19؍ کروڑ روپے سے زائد بڑھ گئی ، بدھ کو مارکیٹ کا آغاز ملے جلے رجحان سے ہوا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، ٹیلی کام، توانائی، فوڈز، کیمیکلز اور دیگر سیکٹر میں بڑے پیمانے پر خریداری کے باعث 100؍ انڈیکس دوران ٹریڈنگ 34698؍ پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم اتار چڑھائو کے باعث 100؍ انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا، مارکیٹ کے اختتام پر انڈیکس 1195.04؍ پوائنٹس اضافے سے 34637.14؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 32.54فیصدزائد جبکہ 84.16؍ فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بالآخر ٹھہراؤ آگیا، بدھ کو فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں 15؍ پیسے اور قیمت فروخت میں 5؍ پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 151.75؍ روپے سے بڑھ کر 151.90؍ روپے اور قیمت فروخت 152.25؍ روپے سے بڑھ کر 152.30؍ روپے کی نئی بلندترین سطح پر بند ہوئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدمیں استحکام اور قیمت فروخت میں 50؍ پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 152.00؍ روپے پرمستحکم اور قیمت فروخت 153.50؍ روپے سے گھٹ کر 153.00؍ روپے ہوگئی۔ ادھر سونے کی فی تولہ قیمت 800؍ روپے کمی کیساتھ 71؍ ہزار 300؍ روپے جبکہ 10؍ گرام سونے کی قیمت 686؍ روپے کمی کیساتھ 61؍ ہزار 128؍ روپے ہوگئی۔ دوسری جانب سعودی عرب سے پاکستان کیلئے اچھی خبر آگئی، سعودی عرب پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر تین سال تک سالانہ 3؍ ارب 20؍ کروڑ ڈالر کا تیل فراہم کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب یکم جولائی سے ہر ماہ 27؍ کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا تیل ادھار دے گا۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر سال تین ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل پاکستان کو ادھار دے گا اور تیل کی فراہمی کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب تین سال تک پاکستان کو مؤخر ادائیگیوں پر تیل دے گا جس سے پاکستان کے ادائیگیوں کے توازن کی پوزیشن بہتر ہوگی، پاکستان کے عوام کی حمایت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔دوسری جانب وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان دیا کہ اس سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگا، خسارے جس تیزی سے نیچے جارہے ہیں، بہت جلد معیشت بہتر ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت بہتر ہونے پر پھر یہ ادھار سعودی عرب کو واپس کرنے میں دقت نہیں ہوگی۔ دریں اثناء پاکستان کسٹم اور نیشنل بینک آف پاکستان ڈالر شرح مبادلہ کووی بوک پر خود کار طریقہ سےروزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کریں گے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کسٹمز کے خودکار نظام وی بوک کونیشنل بینک آف پاکستان کے خزانہ اور کیپٹل مارکیٹ گروپ کے ساتھ الیکٹرانک ذریعہ سے منسلک کیا جائیگا جس سے بڑ ی کرنسیوں کا ایکسچینج ریٹ روزانہ کی بنیاد پر خود کار نظام وی بوک پر اپ لوڈ ہو جائیگا اور براہ راست فوری طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری ہو جائیگا،سی بھی ملک کی طرح پاکستان کی بین الاقوامی تجارت کا ادائیگی کا نظام بھی بین الاقوامی کرنسی میں کیا جاتا ہے۔ درآمدی اشیا ءکی قیمت کو کسی بھی بڑی شرح مبادلہ کرنسی جو کہ نیشنل بینک آف پاکستان سے منظور شدہ ہو کو پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت پاکستان کسٹمز مختلف کرنسیوں کے شرح مبادلہ کو خزانہ اور کیپیٹل مارکیٹ گروپ آفس سے روزانہ کی بنیاد پر کیا جاتا جو کہ نیشنل بینک آف پاکستان کی ویب سایٹ سے ڈاون لوڈ کیاجاتا ہے۔