’’غیر فطری اتحاد کرپشن کے ’داغ‘ چھپانے کیلئے بنایا گیا‘‘

May 25, 2019

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غیرفطری اتحاد کی داغ بیل اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے کرپشن کے ’داغ‘ چھپانے کے لیے ڈالی ہے۔

سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں ملاقات کی ہے جس کے دوران سیاسی معاملات اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑصرف ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے ہے، 22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں قومی وسائل لوٹنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں، لوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن گیا ہے، اب قومی وسائل ایمانداری کے ساتھ عوام پر خرچ ہو رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی یتیموں کا کوئی مستقبل نہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق حکمرانو ں کی لوٹ مار نے معیشت کا بیڑا غرق کیا، حکومت نے معیشت کو گرداب سے نکالنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔