تحریک انصاف ڈیلور نہیں کرتی تو دوسرا موقع نہیں ملنا چاہیے،حسن نثار

May 27, 2019

کراچی(ٹی وی رپورٹ) سنیئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران خان کو اس ملک کی معیشت سے زیادہ اپنی دیانت پر بھروسہ ہے پچھلے ادوار میں جو معیشت کا پیندا تک کھا لیا گیا تھا یا گل سڑ گیا تھا وہ پیندا ضرور لگ جائے گا چند مہینوں میں معیشت کو صحیح ڈگر پر جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں،وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’میرے مطابق‘‘ میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جانتی ہے کہ اگر عمران خان کو وقت مل گیا تو ان سب کی چھٹی ہوجائے گی اور اگر تحریک انصاف ڈیلور نہیں کرتی تو انہیں دوسرا موقع نہیں ملنا چاہیے ۔ ڈالرکے اتار چڑھاؤ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اکیاون مافیا 72 منی چینجرز اٹھارہ بڑے بک میکرز جن کے انڈین بک میکرز سے رابطے ہیں 9 لینڈ مافیا سابق سنیئر بینکرز وہ سارے کے سارے اس واردات میں شامل تھے تاکہ ملک کو غیر مستحکم کیا جاسکے۔ شہباز شریف کہتے تھے اگر ایک پیسے کی کرپشن نکل آئے گریبان پکڑ لینا یہ لوگ ہر بات کر رہے ہیں لیکن دو ٹوک جو ان سے سوال کیا گیا اس کا دو ٹوک جواب نہیں دے رہے۔ عمر ایوب نے ایوب خان کا پوتا ہونے کا حق ادا کر دیا بجلی چوروں کی تیس ہزار ایف آئی آر درج ہوئی ہیں 81 ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں مودی کے بھاری اکثریت پر کامیابی پر حسن نثار نے کہا کہ سکندر مرزا اپنی بائیوگرافی میں لکھتے ہیں کہ ”پاکستان کے بے خبر عوام بدمعاشوں اور نااہلوں کو پارلیمنٹ بھیج دیتے ہیں اور مجھے وقتاً فوقتاً اس غلاظت کو صاف کرنا پڑتا ہے“ یہ ہندوستان اور پاکستان کا کلچر ہے اور یہی ہماری پسماندگی کا سبب ہے۔اس دفعہ تین عیدیں ہوں گی ایک مفتی عید دوسری پشاور عید تیسری سیاسی عید آپ کونسی منائیں گے؟حسن نثار نے دو ٹوک کہا کہ میں فواد چوہدری والی عید یعنی سائنسی عید مناؤں گا۔