ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک لبیک کے کارکنوں کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی

June 12, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے دہشت گردی کے دو مقدمات میں ملوث تحریک لبیک کے 100سے زائد ملزمان کی حاضری کے بعد مزید سماعت 24جون تک ملتوی کر دی، تحریک کے سربراہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین رضوی وغیرہ کیخلاف پنڈی گھیب پولیس نے ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور لوگوں کو حکومت کیخلاف اکسانے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جبکہ عرفان قادری وغیرہ کیخلاف دوسرا کیس تھانہ نیوایئرپورٹ میں درج ہے۔ عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج بارود کیس کے ملزمان سیف اللہ وغیرہ کیخلاف چار گواہ قلمبند کر کے بارہ جون اور تھانہ بنی کے علاقہ میں ہیڈ کانسٹیبل کو شہید کرنے کے الزام میں ملوث ملزمان حسنین فاروق کیخلاف بھی چار گواہ قلمبند کر کے سترہ جون کو مزید شہادتیں پیش کرنے کا حکم دیا۔