دفاعی بجٹ 1150 ارب برقرار، سول اخراجات میں 23 ارب کی کمی، تعاون پر آرمی چیف کو خراج تحسین

June 12, 2019

اسلام آباد( اے پی پی ) آئندہ مالی بجٹ میں دفاعی بجٹ 1150ارب پر برقرار جبکہ سول اخراجات میں 23ارب کی کمی کی گئی، وزیر مملکت نے تعاون کرنے پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ واضح کرنا چاہوں گاپاکستان کا دفاع اور قومی خودمختاری ہر شے پر مقدم،پاک فوج کی صلاحیت میں کمی نہ آنے دینگے۔ تفصیلات کےمطابق وزیر مملکت برائے مالیات حماد اظہر نے مالی سال 2019-20 کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ سول بجٹ میں کفایت شعاری کے ذریعے بچت کی جائے گی، اس کے نتیجے میں سول حکومت کے اخراجات 460ارب روپے سے کم کر کے 437ارب روپے کئے جا رہے ہیں جو 5فیصد اور 23ارب کی کمی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عسکری بجٹ موجودہ سال کی شرح یعنی 1150 ارب روپے پر مستحکم رہے گا، بچت کے اس مشکل فیصلے کے لیے وزیر اعظم کے تدبر اور عسکری قیادت خصوصاً آرمی چیف کی حمایت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں واضح کرنا چاہوں گا کہ پاکستان کا دفاع اور قومی خودمختاری ہر شے پر مقدم ہے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وطن اور لوگوں کے دفاع کے لیے پاک فوج کی صلاحیت میں کمی نہ آئے۔