آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، جریمی لیفرے

June 14, 2019

سٹیفورڈ(مریم فیصل)سٹیفورڈ کے ایم پی جریمی لیفرے نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے عام انتخابات میں سٹیفورڈ کے ایم پی کے لئے نہیں کھڑے ہونگے۔ اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مزید اگلے ٹرم کے لئے وعدہ نہیں کر سکتے ہیں اس لئے لمبی سوچ بچار کے بعد انھوں نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔ ان کے مطابق اگر آپ عام انتخابات کے لئے کھڑے ہوتے ہیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ کو مزید پانچ سال کے لئے کمیٹ کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پچھلے دس سال میں نے کیا ہے وہ کافی تھا۔ میں یہ نہیں چاہتا کہ میری ایسوسی ایشن آخری منٹس میں نیا امیدوار ڈھونڈے اس لئے میں پہلے ہی یہ اعلان کر رہا ہوں ،کیونکہ مجھے ان حالات میں یہ نظر آرہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یا اگلے سال ہی عام انتخابات ہو جائیں گے۔ لیفرے کو بریگزٹ کو سپورٹ کرنے کے لئے دھمکیاں بھی ملی تھیں اور انھوں نے ہمیشہ تھریسامے کی بریگزٹ ڈیل کے لئے بھی ووٹ کیا ہے ۔ انھوں نے اپنے انٹرویو میں یہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ اگلے وزیر اعظم کے لئے کس کی حمایت کر رہے ہیں البتہ وہ نوڈیل بریگزٹ کو برطانیہ کے مستقبل کے لئے درست نہیں سمجھتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے دور میں انھوں نے بہت سے چیلنجز کا بھی سامنا کیا ہے جیسے کہ سٹیفورڈ کے اسپتال، ایچ ایس ٹو ٹرین اور اسکول فنڈنگز شامل ہیں۔