کامیابی کیلئے کم عمری سے ہی 10 ضروری چیزیں کریں

June 16, 2019

اگر آپ کم عمر(20سال کے لگ بھگ) ہیں تو آپ کو اس وقت تجربے، مہارت اورعلم کی ضرورت ہے۔ آپ کو اپنی ذہانت اور صلاحیتوں کے ساتھ انصاف کرنے اور بہترین زندگی گزارنے کیلئے لائحہ عمل بنا نا ہوگا۔ ہر انسان اپنا راستہ خود چُنتاہے اور اس کیلئے ایک بنیادی روڈ میپ ہے، جس کی مدد سے آپ آنے والے 10برسوں میں کسی نہ کسی اچھے مقام پر کھڑے ہوں گے۔

اپنے جنون کو کھوجیں

آپ خودسے یہ معلوم کرنے کی کوشش کریںکہ آپ کس چیز کے متلاشی ہیں۔ اس وقت یقیناً آپ کے ذہن میںبڑے زبردست آئیڈیازاور آنکھوں میںخواب ہوںگے۔ ان کو پورا کرنے کیلئے اپنے جنون کو اپنی طاقت بنائیں۔ اپنے مقاصد کو واضح کریں اور دیکھیں کہ کن کن میدانوںمیںآپ اپنی صلاحیتوں سے انصاف کرسکتے ہیں۔

بنیاد ی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں

اس سے کوئی فرق نہیںپڑتا کہ آپ کون سا شعبہ اپنا رہے ہیں۔ اس کیلئے مخصوص بنیادی مہارتیں درکار ہوتی ہیں، جو آپ کی کامیابی میںمدد کرتی ہیں۔ آپ کو اپنی صلاحیتوںکو بروئے کارلاتے ہوئے غیر یقینی حالات، اسٹریس اور انزائٹی سے بھی نبرد آزما ہونا پڑتاہے۔ دراصل جب کوئی آپ کی صلاحیتوںکے مطابق آپ کو کوئی مشورہ دیتاہے تو نوجوانی میںاکثر آپ دوسروں کی بات سننا نہیںچاہتے، جس سے آپ کی صلاحیتیںپروان چڑھنے کے بجائے ماند پڑ نے لگتی ہیں۔ دوسروں سے سیکھنے کے عمل کو کبھی نہ چھوڑیں۔

نیٹ ورک بڑھائیں

کیریئر میںترقی یا پرتعیش تنخواہ حاصل کرنےکے پیچھے نیٹ ورکنگ کی حکمت عملی بہت کام کرتی ہے،لیکن20سال کی عمر میں آپ کا نیٹ ورک بے ضابطہ ہوتا ہے۔ یہی وقت ہے کہ باہمی مفاد کی خاطر اپنے تعلقات کو ان لوگوںکے ساتھ مضبوط بنائیں جو آپ کی مدد کرسکیںاور بدلے میں آپ بھی ان کے کام آسکیں۔

آپشنز کھلے رکھیں

نو عمری میں آپ کو جاننا ہے کہ آپ کیلئے کیا اہم ہے، آپ کی صلاحیتیں اور دلچسپیاںکیا ہیں،یعنی آپ کون سے کام بہتر طریقے سے کرسکتے ہیں۔ وہی کریں جس کی آپ کے اندر صلاحیتیںہیںلیکن اپنے اندر لچک رکھیںاور نئی چیزیںکرنے کی بھی کوششکریں۔ ہو سکتا ہے جو کیریئر آپ اپنانے جارہے ہوں،اس سے زیادہ کامیابی کے مواقع دوسرے میدانوںمیںملیں۔

پیسے کو منظم کرنا سیکھیں

کالج جانے، کیریئر بنانے اور زندگی کا لطف اُٹھانے کے چکر میںآپ پیسہ منظم کرنے کو اہمیت نہیںدیتے۔ آپ کم عمری سے ہی اپنے مالی معاملات کو ٹھیک کرنا نہیںسیکھیںگے تو مستقبل میں انٹرپرینیورشپ یا مالی امور نمٹانے میں آپ کو مشکلات کا سامنا رہےگا۔

زندگی میں توازن لائیں

ایسا نہ ہو کہ کیریئر بنانے کی دھن میں آپ زندگی سے لطف اُٹھا نا ہی چھوڑد یں۔ پانچ دن خوب کام کریں، پھر ویک اینڈ پر دوست، احباب اور فیملی کے ساتھ انجوائے کریں یا اپنی پسند کا مشغلہ اپنائیں۔

مارکیٹنگ کی مہارتوں میں اضافہ کریں

آپ جس مارکیٹ سے وابستہ ہیں، اس کی مہارتیںآپ کے پاس ہونی چاہئیں، مستقبل میںآپ کو اس کا فائدہ ہوگا۔ کمپنی مالکان کو ایسے ہی افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیریئر پاتھ کوئی بھی ہو، مارکیٹنگ کی صلاحیتوںسے آپ بڑے مددگار اور رجعت پسند ثابت ہوتے ہیں۔ بہرحال ان صلاحیتوںکو پروان چڑھانے کیلئے بھی سیکھنے اور تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

سہل پسند نہ بنیں

آپ کو آسان اور بنا خطرات والے کام کرنا بھلے اچھا لگے لیکن زندگی خطرات مول لینے کا ہی نام ہے۔ رسک لینے سے نئے مواقع سامنے آسکتے ہیں لیکن رسک لینے کے چکر میںساری کشتیا ںہی نہ جلا دیں۔ نئی چیزیںکرنے میں ڈر تو لگتاہے، ابہام بھی ہوتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آپ یہی چیز ایسے کرنے لگتے ہیں جیسے صدیوںسے کرتے آرہے ہوں۔ اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلیں اور کچھ نیا کرنے کا سوچیں۔

اچھی عادات اپنائیں

بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ20سال کی عمر موج مستی کی ہوتی ہے لیکن اس عمر میں اپنائی جانے والی عادات آئندہ زندگی کی بنیاد بن رہی ہوتی ہیں۔ ابھی سے اچھی عادات اپنائیںگے تو ایک صحت مند، خوش وخرم اور کامیاب زندگی گزارنے کی طر ف اپنا قدم بڑھائیں گے۔ اچھی عادات میں صحت بخش غذائیں، صحت مند سرگرمیاں، ورزش، تمباکو نوشی وغیرہ سے پرہیز، صبح جلدی اُٹھنا، نیند پوری کرنا، بائیو گرافیز یا عمدہ کتابیںپڑھنا وغیرہ شاملہیں۔ یہ عادتیں اکثر کامیاب لوگ اپنائے رکھتے ہیں ۔

مستقل مزاجی دکھائیں

مستقل مزاجی کسی بھی کاروبار میں کامیابی کی کنجی ہے۔ محنت کے ساتھ صبر کرنے سے ہی آپ کا کاروبار قائم رہ سکتا ہے۔ ہمت نہ ہارنا، اپنے فیصلوں پر ڈٹے رہنا، رجعت پسندی کا مظاہر ہ کرنا اور مثبت سوچ اپنائے رکھنا کسی بھی انٹرپرینیور کو کامیاب بناتا ہے۔ 20سال کی عمر جلد بازی کی ہوتی ہے لیکن اس دوران ہونے والی غلطیوں اور موشگافیوں سے سیکھنا ہوتا ہے اور کامیابی کی طرف اپنے قدم بڑھاتے رہنا ہوتے ہیں۔