قرضوں کی انکوائری، حسین اصغر کو چیئرمین کمیشن بنانے کا فیصلہ

June 18, 2019

حکومت نے ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کو کرپشن کی تحقیقات کے لیے مجوزہ کمیشن کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بجٹ کے بعد قوم سے خطاب میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران سابقہ حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کی انکوائری کے لیے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا تھا جو قرضوں کے استعمال اور ان میں کرپشن کی بھی تحقیقات کرے گا۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تک ان پر ملک کو بحران سے نکالنے کا دباؤ تھا لیکن اب وہ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا تھاکہ انکوائری کمیشن کے ذریعے پتا لگائیں گے، یہ 24 ہزار ارب روپے کا قرضہ کیسے چڑھا، قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ انہوں کے ملک کےساتھ کیا کیا، میری جان بھی چلی جائے ان چوروں کو نہیں چھوڑوں گا، پاکستانی قوم کا مجھ پر اعتماد ہے، ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا۔

واضح رہےحسین اصغر سابق پولیس افسر ہیں اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔