انگلینڈ کے میچ سےقبل افغان کرکٹرز کا ریسٹورنٹ میں جھگڑا

June 19, 2019

مانچسٹر(عبدالماجدبھٹی)ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے دوران مانچسٹر میں افغانستان کے کھلاڑیوں کے ریسٹورنٹ میں جھگڑے کا واقعہ رونماہوا ہے، انگلینڈ کے میچ سے قبل افغانستان کے کھلاڑی ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے جس دوران ایک شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر جھگڑا ہوا اور پولیس کو طلب کر لیا گیا ۔ واقعہ اسی علاقے میں پیش آیا ہے جہاں شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ منگل کی شام پریس کانفرنس میں جب افغان کپتان گلبدین نائب سے اس متعلق دریافت کرنے پر لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ اس بارے میں سیکورٹی آفیسریا منیجر بتا سکتے ہیں ۔مزید سوالات پر انہوں نے پریس کانفرنس سے واک آئوٹ کی دھمکی دی ۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رات سو گیارہ بجے پیش آنے والے واقعے کے بعد کھلاڑی ریسٹورنٹ سے چلے گئے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔