اپوزیشن کی بجٹ منظور نہ ہونے دینےکی سوچ ڈکٹیٹر جیسی ہے، فرخ حبیب

June 19, 2019

کراچی(جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مسئلہ عوامی مسائل نہیں پروڈکشن آرڈرز ہیں،اپوزیشن کہتی ہے بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی یہ ڈکٹیٹر جیسی سوچ ہے، حکومت اپوزیشن کو بجٹ منظور کروا کے دکھائے گی،اپوزیشن کو احتجاج کیلئے کنٹینر دینے کیلئے تیار ہیں، بلاول اور مریم نواز آدھا گھنٹہ دھوپ میں گزار کر دکھائیں۔ ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے عددی اکثریت کی بناء پر بجٹ منظور کروا لیا تو نافذ نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن تیس جون تک کٹھ پتلی حکومت کے عوام دشمن بجٹ کو روکنے کی کوشش کرے گی۔پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی سے خوفزدہ نظر آرہی ہے، آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے،جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں کریں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے مزیدکہا کہ اپوزیشن نے اسمبلی میں پہلے دن ہی وزیراعظم کی تقریر کے دوران پارلیمانی روایات کی دھجیاں بکھیر دی تھیں، حکومت نے جمہوری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن کے تمام مطالبات مانے،اسمبلی کے فلور کو اداروں پر حملے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اپوزیشن ایوان میں چالیس گھنٹے بات کرچکی ہے جبکہ حکومتی بنچوں کو اتنا وقت نہیں ملا، اپوزیشن کی بات سننے کیلئے تیار ہیں لیکن انہیں حکومتی موقف سننے کا بھی حوصلہ رکھنا ہوگا،اپوزیشن سنجیدہ ہے تو رویہ میں تبدیلی لائے، کسی رکن اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا اختیار ہے، نیب نے قانون کے مطابق آصف زرداری کو گرفتار کیا اس میں سیاسی انتقام کہاں سے آگیا، پنجاب اسمبلی میں صرف علیم خان ہی نہیں حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری ہوئے، آصف زرداری کہتے تھے مجھے جیل سے خوف نہیں ہے اب پکڑے گئے تو اسمبلی آنا یاد آگیا، اپوزیشن قیادت کا مسئلہ این آر او نہ ملنا ہے۔