سیاسی مقدمات پر حوالگی مجرمان کا معاہدہ نہیں کریں گے، برطانیہ

June 20, 2019

بشکریہجیرمی ہنٹ(ٹوئٹراکاؤنٹ)

لندن(مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ نے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکالنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف پاکستان کا ٹھوس عزم قابل تعریف ہے ۔ جبکہ برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ ایسے کسی ایکسٹراڈیشن ٹریٹی پر دستخط نہیں کرے گا جس کو سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے کیسز کیلئے استعمال کیا جا سکے، پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ برآمدات کے حجم کو 400؍ ملین سے بڑھا کر ایک ارب پاونڈ (تقریباً 200؍ ارب پاکستانی روپے) کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی پر بات کی ہے ہم اس معاہدے کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا نہیں چاہتے ، برطانیہ نہیں چاہتا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ میں دھکیل دیاجائے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لندن میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس (ایف سی او) میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں ملکوں نے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی کے ایشو پر بات کی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایکسٹراڈیشن ٹریٹی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کے ایشوز پر جیو اور دی نیوز کے سوالات کے جواب دیئے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایساکوئی ایکسٹراڈیشن ٹریٹی پاکستان کے ساتھ نہیں کیا جائے گا جس کے ذریعے سیاسی بنیاد پر کسی کی حوالگی ہو سکے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم ایکسٹراڈیشن ٹریٹی کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہتے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ٹریٹی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے فارن سیکرٹری کے ساتھ اس معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹ سزائے موت کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ ہم نے عزم کا اظہار کیاہے کہ پاکستان پینل کوڈ میں ترامیم کریں گے۔ ہم نے یہ ترمیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔