وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی لب ڈیم کے قائد ونس کیبل سے ملاقات

June 20, 2019

لندن( جنگ نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز دارالعوام میں لب ڈیم کے قائد سر ونس کیبل سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے نوٹ کیا کہ باہمی تعلقات میں توسیع خاص طور پر تجارت،سرمایہ کاری ،سیاحت ،صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات کووسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، انھوں نے برطانوی معیشت اور سیاست میں برٹش پاکستانیوں کی خدمات اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں ،اور تجارتی اور ثقافتی تعاون میں اضافہ ہونا چاہئے، پاکستانی وزیر خارجہ نے سرونس کیبل کو بتایا کہ موجودحکومت کے ایجنڈے کامحور عوام ہیں، جس کو سوشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہی عملی جامہ پہنایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے پاکستان میں دستیاب اقتصادی مواقع،خصوصی اقتصادی زونز اور جغرافیائی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جغرافیائی محل وقوع کے سبب پاکستان قدرتی طور پر اس خطے کااقتصادی محور اور انرجی کوریڈور ہے۔دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کوفروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جو دونوں ہی ملکوں کے مفاد میں ہے۔