جنرل زبیر محمود حیات سرکاری دورے پر مراکش پہنچ گئے

June 20, 2019

لندن(ودود مشتاق) پاکستان اور مراکش کے مابین دفاعی اور فوجی تعلقات میں اضافے اور دفاعی تجارت بڑھانے کےلئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اعلی اختیاراتی وفد کے ہمراہ مراکش کے چار روزہ سرکاری دورے پر رباط پہنچ گئے ہیں۔ ائرپورٹ پر مراکشی وزیر برائے نیشنل ڈیفنس عبدللطیف لاوڈیا مراکش میں پاکستان کے سفیر حامد اصغر اور مراکش کے اعلی فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ جنرل زبیر حیات نے سفیرِ پاکستان کی طرف سے دئے جانے والے عشائیہ میں بھی شرکت کی جس میں معروف پاکستانی تاجر اور پاکستان میں مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ، مراکش کے اعلی سول اور فوجی حکام ، پاکستانی اور مراکشی شہریوں نے بھی شرکت کی۔ مرزا اشتیاق بیگ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری پر بھی غور کیا گیا۔ بعد ازاں جنرل زبیر حیات اور مراکشی وزیر برائے نیشنل ڈیفنس عبداللطیف لاوڈیا مراکشی اعلی فوجی حکام کے مابین ملاقات کے دوران پاکستان میں تیار کئے جانے والے فوجی اسلحہ سازو سامان اور پاکستانی طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات میں اضافے اور باہمی تعاون بڑھانے کے امور پر غور کیا گیا۔ جنرل زبیر اپنے وفد کے ہمراہ رائل سکول آف ہائر ملٹری ایجوکیشن کا بھی دورہ کریں گے جہاں دونوں ممالک کے مابین اعلی فوجی تعلیم اور صلاحیتوں کے تبادلے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ مرزا اشتیاق بیگ کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جلد ہی مراکش کا دورہ کریں گے۔