سریاب کے سکولوں میں اساتذہ اور دیگرسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،احمد نواز

June 20, 2019

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدرو رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ سریاب کے اسکولوں میں اساتذہ اوردیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ طلباء کاقیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ سکے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو ای ڈی اوکوئٹہ شبیراحمدلانگو کے ہمراہ حلقہ پی بی 30کے مختلف اسکولوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ رکن اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا کہ سریاب کے اکثر اسکولوں میں اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں جنہیں فوری طور پر پر کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث حلقہ پی بی 30کے سکول گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں اور سکولز میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں لہذا محکمہ تعلیم فوری طور پر سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔