وائٹ ہاؤس کی آپریٹر 16 کون ہے؟

June 22, 2019

لوئس گریفن، ریٹائرڈ ٹیچر اور پرنسپل سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کا دستخط کیا ہوا کارکچر اٹھائے

وائٹ ہاؤس میں فون پر اپنی رائے داخل کرانے کیلئےلمبا انتظار کرنا پڑتا ہے جس کے بعد ایک میٹھی اور مدھم سی آواز سنائی دیتی ہے ، اور اگر دوسری جانب آپریٹر 16 ہو تو کال کرنے والا خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی آپریٹر 16 کو دوران ڈیوٹی اپنا نام پوشیدہ رکھنے کا حکم ہے، آخر یہ ہے کون؟

یہ خاص آپریٹر 99 سالہ لوئس گریفن نامی خاتون ہیں جو 26 سال سے وائٹ ہاوٴس میں بحیثیت رضاکار خدمات انجام دے رہی ہیں۔ لوئس گریفن کو 26 سالوں میں وائٹ ہاؤس کے چار صدور کا دور دیکھنے کا اعزاز حاصل ہے۔

وائٹ ہاؤس کےکسی بھی آپریٹر کو کالر سے باضابطہ طور پر فقط دو منٹ بات کر کے اس کے کمنٹس لینے کی اجازت ہوتی ہے جو اوول آفس بھیجے جاتے ہیں ، فون طویل وقت تک ہولڈ پررہنے سے کسی کالر کو غصہ آجائے تو لوئس گریفن دو منٹ سے زیادہ وقت دے کر اس کا غصہ ٹھنڈاکر دیتی ہیں۔

1995 میں بل کلنٹن کیساتھ لوئس گریفن کی فیملی فوٹو

لوئس گریفن کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ’ میں دیکھتی ہوں کہ اگر کسی کو مدد کی ضرورت ہے تو میں اسے اضافی وقت دیتی ہوں، اس کا مسئلہ سن کر اسے حل کرنے کی کوشش کرتی ہوں ‘۔

ان کا کہنا ہے کہ ’ مجھے اچھا لگتا ہے یہ سننا جب کوئی کالر مجھے یہ کہتا ہے کہ آپ کا شکریہ، آپ نے میری بات حوصلے سے سنی اور میری بہت مدد کی، میں خوش قسمت ہوں کہ فون پہ میری آپ سے بات ہو۔‘

چار صدور کے دور میں کبھی وہ وقت بھی آیاجب شہر صدر کے حامیوں اور مخالفین میں بٹ گیا ، یہاں گریفن با لکل غیر سیاسی اور غیر جانبدار نظر آئیں۔

لوئس گریفن جیسے ملازمین اور رضاکار اپنی پوری زندگی اور حب الوطنی سے صدارتی محل میں خدمات انجام دیتے ہیں اور پردے کے پیچھے کام کر کے اس کا انتظام جاری رکھتے ہیں، ایسے ملازمین اور رضا کاروں پر وائٹ ہاؤس اعتماد رکھتا ہے۔

لوئس گریفن کے فرائض میں ، میلز پڑھنا، افتتاحی معاملات، کرسمس اور ایسٹرکی تیاریاں اور سرکاری مہمانوں کا استقبال اور عشائیہ شامل ہیں۔

26 سال کے عرصے میں گریفن کی ملاقات صدر بش اور بل کنٹن سے ملاقاتیں رہیں تاہم باراک اوباما اور ٹرم سے ان کی ملاقات نہیں ہو پائی مگر ہیلری کلنٹن، مشل اوباما اور ملانیا ٹرمپ کے ساتھ ان کی کئی تصویریں ہیں۔

11\9 کے بعد وائٹ ہاؤس کے رضا کاروں کی واپسی

ان سے کسی نے سوال کیا کہ ان کے پسندیدہ صدر کون ہیں تو انہوں کہا کہ’ میں کچھ نہیں کہ سکتی، کیوں کہ میں سب کو پسند کرتی ہوں۔‘

انہوں نے بل کلنٹن کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے بہت پیار سے بات کرتے تھے،وہ وائٹ ہاؤس کے ملازمین سے بات کرنا پسند کرتے تھے خاص کر گریفن سے بات کرنے کا انہیں شوق تھا۔

ایک وقت ایسا بھی آیا جب ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ ہوا تو وائٹ ہاؤس کے بعض رضا کار کام چھوڑ کر چلے گئے مگر لوئس گریفن واقعے کی اگلی صبح بھی اپنے فرائض انجام دینے پوری ذمہ داری کے ساتھ موجود تھیں۔

لوئس گریفن کی ذاتی زندگی

گریفن کی تاریخ پیدائش 18 دسمبر 1919 ہے ، انہوں نے اپنی تمام زندگی واشنگٹن میں گزار دی۔چھ بہن بھائیوں میں ان کا نمبرپانچواں ہے۔جب وہ چوتھی جماعت میں تھی ،اس وقت سےٹیچر بننے کی خواہش کا اظہار کرتی رہتیں۔

انہوں نے ہاورڈ یونیورسٹی سے ایجوکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد بطور ٹیچر اور پھر اسسٹنٹ پرنسپل ملازمت انجام دی۔اس دوران ان کی شادی ہوئی اور پھر تین بچوں کی ماں بنیں۔