وزیرِ کھیل پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

June 24, 2019

دریائے جہلم میں سیلابی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے جھنگ کے 50 سے زائد دیہات زیر آب آ گئے۔

پنجاب کے وزیرِ کھیل رائے تیمور بھٹی نے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ تحصیل جھنگ کے علاقوں مسن اور قادر پور کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

دریائے جہلم میں آنے والے سیلابی ریلے سے متاثرہونے والے علاقوں میں کوٹ شاکر، موضع ساہجھر اور مو ضع مچھیانہ سمیت درجنوں دیہات شامل ہیں۔

وزیرِ کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی

سیلابی ریلے کے باعث ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

ادھر صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی اور ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے مسن اور قادر پور میں سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور کہا کہ حکومتِ پنجاب متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور ریسکیو کے کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں متاثرین کو ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی نے یہ بھی کہا کہ متاثرینِ سیلاب کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔