بابر اعظم ایک رات میں سپر اسٹار بن گئے

June 27, 2019

بابر اعظم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری نے ایک رات میں سپر اسٹار بنا دیا ہے،وہ شہرت کی بلندیوں پر ہیں،بھارتی میڈیا انہیں ویرات کوہلی سے ملا رہاہے۔

دنیا بھر کے اخبارات اور میڈیا میں ان کی بیٹنگ کی تعریفیں کی گئی ہیں،بابر اعظم اپنی اس اننگز کو اپنے ون ڈے کریئر کی بہترین اننگز قرار دیتے ہیں۔

اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ جب پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو وکٹ جو پہلے سے سلو تھی وہ ٹرن ہونا شروع ہو گئی تھی۔ اور اس وجہ سے انہوں نے محمد حفیظ کےساتھ یہ طے کیا تھا کہ کوئی چانس نہیں دینا اور اطمینان سے کھیلنا ہے۔

بابر اعظم نے اپنی اس اننگز کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل میں تین ہزار رنز بھی مکمل کیے ہیں۔انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں دس سنچریاں بنائی ہیں جن میں سے آٹھ میں پاکستانی ٹیم جیتی ہے۔

اس بارے میں وہ کہتے ہیں کہ جب آپ کی اننگز ٹیم کے کام آئے اور آپ میچ جتوا کر آتے ہیں تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے اور اپنے اندر ایک نیا حوصلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔

کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم افغانستان کے خلا ف میچ کھیلنے لیڈز پہنچ گئی۔ٹورنامنٹ میں تمام میچ ہارنے والی افغان ٹیم نے ہیڈ نگلے میں پریکٹس کی۔

ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے پوائنٹس 7، 7 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم تقریباً ورلڈکپ سے باہر ہوچکی ہے جس نے 6 میچ کھیلے اور تین پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے جب کہ جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں ورلڈکپ سے پہلے باہر ہوچکی ہیں۔

ورلڈکپ میں اب مزید 10 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے ٹیم پاکستان کو ایونٹ میں اپنے باقی دو میچز افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہیں۔