اسپین: پاکستانی سفارتکار کا تاجروں کے اعزا ز میں عشائیہ

June 27, 2019

ٹیکسٹائل کی دنیا کا بڑا نام اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز فیصل آباد کے وفدنے بارسلونا کا دورہ کیا، اس موقع پر اُن کے اعزاز میں پاکستان کے بارسلونا میں قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے عشائیہ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کے دوسرے بڑے شہر بارسلونا میں جاری انٹرنیشنل ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش جاری ہے جس میں دنیا بھر کی طرح پاکستان کے مختلف شہروں سے بھی وفود شرکت کر رہے ہیں ۔

اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز فیصل آباد کے وفد کے اعزاز میں مقامی ریسٹورنٹ میں قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے وابستہ معززین نے شرکت کی ۔

واضح رہے کہ ان دنوں اسپین کے دوسرے بڑے شہر بارسلونا میں انٹرنیشنل ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش” آئتما “ کے نام سے جاری ہے جس میں دنیا بھر سے اس شعبے سے وابستہ صنعت کار اور کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔

پاکستان کے شہر فیصل آباد کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی اس نمائش میں شرکت کی اور اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز فیصل آباد اورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل آباد کے وفد سے مقامی میڈیا نے اسپین اور پاکستان کے اقتصادی روابط بڑھانے کے حوالے سے ایک سیشن منعقدکیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علی عمران چوہدری اور دوسرے مقررین نے کہا کہ ایسی نمائش پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور کاروبار میں ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کی شرح بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے ۔

پاکستان سے آئے ہوئے کاروباری حضرات نے اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدید طرز زندگی اور مشینری کو پاکستان میں متعارف کرائیں اور وہاں سرمایہ کاری کریں تاکہ ہمارا ملک ترقی کے منازل طے کر سکے ۔