عمر شریف کی خراب صحت کی افواہیں، بیٹے کی تردید

June 28, 2019

پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کے صاحبزادے نے ان کی خراب صحت سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے والد کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ گھر پر آرام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ معمول کے چیک اپ کے لیے والد اسپتال جاتے ہیں، عمر شریف کے بیٹے نے والد کے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں۔

جواد عمر نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں پھیلائی گئی تھیں، اس لیے وہ سب سے اپیل کرتے ہیں کہ بغیر تصدیق کے ان کے والد کی صحت سے متعلق خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی وی کی سینئر اداکارہ ذہین طاہرہ کے انتقال کی جھوٹی خبریں بھی سوشل میڈیا کی زینت بن چکی اور خوب پھیل چکی ہیں۔

ذہین طاہرہ کے صاحبزادے کی جانب سے گزشتہ روز ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ان کی والدہ علیل ہیں اور اسپتال میں وینٹی لیٹر پر ہیں تاہم ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔