صرف شامی ہی نہیں؛ لذیز کبابوں سے دستر خوان سجائیں

June 29, 2019

کباب مختلف گوشت کا قیمہ بنوا کرتیار کیے جاتے ہیں۔ہر کباب کی اپنی ریسیپی ہوتی ہے جس کے مطابق ان میں مصالحوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ناشتہ ہویا رات کا کھانا کباب ہر کھانے کے ساتھ پسند کیے جاتے ہیں۔شام کی چائے کے ساتھ بطور سنیکس بھی پیش کیے جاتے ہیں۔کباب مختلف سوسز کے ساتھ بھی کھائے جاسکتے ہیں جبکہ بریانی ،پلاؤ یا نان کے ہمراہ بھی سرو کیے جاتے ہیں۔ہمارے ہاں شامی کباب کے علاوہ کئی طرح کے مزیدار کباب بھی بنائےجاتےہیں۔علاوہ ازیں کباب بریانی ،کباب مصالحہ، کباب رول جیسے بہت سے پکوان بھی خوب پسند کیے جارہے ہیں۔مزیدار کبابوں کی چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

توا کباب

اجزاء۔

چکن قیمہ۔600گرام

نمک۔حسبِ ذائقہ

ہلدی پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔1کھانے کا چمچ

اجوائن ۔آدھا چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔1کھانے کا چمچ

پودینہ۔ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچیں۔ 4عدد

گرم مصالحہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1کھانے کا چمچ

چوپڈ پیاز۔2عدد

چوپڈ دھنیے کے پتے۔1کھانے کا چمچ

کٹی لال مرچ۔ 1کھانے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔1کھانے کا چمچ

ترکیب۔

ایک باؤل میں قیمہ، نمک، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، کٹی لال مرچ، اجوائن، گرم مصالحہ، دھنیا پاؤڈر، پیاز، دھنیے کے پتے، ہری مرچیں، پودینہ اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ اب اپنے ہاتھوں پر آئل لگا کر لکڑی کی سیخ پر کباب بنائیں۔ پھر ایک توے پر کھانے کا تیل گرم کر کے اس پر کبا ب رکھیں اور ڈھکن سے ڈھانپ کر تین سے چار منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ اب ڈھکن اٹھا کر کباب کی سائیڈ پلٹ لیں اور دوبارہ ڈھکن سے ڈھانپ کر دو سے تین منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ سپیشل توا کباب تیار ہیں دھنیے کے ساتھ گارنش کر کے سرو کریں۔

کباب ملائی ہانڈی

اجزاء۔

سیخ کباب۔12

کھانے کا تیل۔3چوتھائی کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔1کھانے کا چمچ

پیاز۔1کپ

دہی۔4-5کھانے کے چمچ

سفید مرچ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔1-2چائے کے چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

سبز مرچ۔2کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔گارنش کے لئے

بادام پاؤڈر۔2کھانے کے چمچ

کریم۔3کھانے کے چمچ

پانی۔آدھا کپ

ترکیب۔

سب سے پہلے تیار شدہ 12سیخ کباب فرائی کر لیں۔ ایک پین میں کھانے کا تیل گرم کر کےاس میں پیاز، سبز مرچ اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر 2منٹ کے لئے پکا لیں۔ پھر اس میں دہی، نمک، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، سفید مرچ پاؤڈر، بادام پاؤڈر، کریم ڈال کر2منٹ پکائیں پھر پانی ڈال کر 4-5منٹ مزید پکائیں۔ اب تیار کئے ہوئے سیخ کباب ڈال کر 5منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ مزیدار کباب ملائی ہانڈی تیار ہے۔ ہرے دھنیے سے گارنش کر کے سرو کریں۔

کباب بریانی

اجزاء۔

بیف قیمہ۔ پانچ سو گرام

چاول۔ سات سو گرام

پیاز ۔تین عدد

ادرک پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

سبز مرچ۔ تین عدد

پودینہ ۔پانچ گرام

سبز دھنیا۔ پانچ گرام

نمک ۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

گرم مصا لحہ پاؤڈر۔ دو چائے کے چمچ

زیرہ پاؤڈر ۔دو چائے کے چمچ

دھنیا پاؤڈر ۔دو چائے کے چمچ

ثابت زیرہ ۔ایک کھانے کا چمچ

کھانے کا تیل۔ آدھا کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

پسے ہوئے ٹماٹر ۔چھ عدد

ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ

قصوری میتھی۔ ایک کھانے کا چمچ

سبز دھنیا ،پودینہ ،سبز مرچ ۔ٹماٹر،لیموں بطورگارنش

پیلا رنگ ۔آدھا چائے کا چمچ

مٹن یخنی ۔ایک کپ

پانی۔ حسب ِضرورت

ترکیب۔

۔ایک برتن میں چاول لیں اور بھِگو کر اُبا ل لیں ۔

۔اب ایک باؤل میں بیف قیمہ لیں اور اس میں پیاز (دو عدد)،ادرک پیسٹ، سبز مرچ ،پودینہ ،سبز دھنیا ،نمک،لال مرچ پاؤڈر (ایک کھانے کا چمچ)،گرم مصالحہ پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)،زیرہ پاؤڈر(ایک چائے کا چمچ)،دھنیا پاؤڈر(ایک چائے کا چمچ)اورثابت زیرہ ڈال کر مکس کرکے تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں ۔

۔اب تیار کیے ہوئے بیف قیمہ کے کباب بنا کر گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کر لیں ۔

۔اب ایک پین میں کھانے کا تیل (تین کھانے کے چمچ)لیں اور اس میں پیاز (ایک عدد)،ادرک لہسن پیسٹ ،پسے ہوئے ٹماٹر ،نمک،ہلدی ،لال مرچ پاؤڈر (ایک کھانے کا چمچ)،زیرہ پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)،دھنیا پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)،گرم مصالحہ پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)،قصوری میتھی اورتیار شدہ کباب ڈا ل کر پانچ سے سات منٹ تک بھنائی کر لیں ۔ اورتیار شدہ کباب ڈال کر پھر گارنش ڈال کر پکا لیں۔

ایک پین میں چاول، کھانے کا تیل، نمک ڈال کر ابالیں۔اب اس میں تیار شدہ کباب ڈالیں۔پھر چاول ڈال کر اس عمل کو دہرا لیں پھرگارنش کرلیں ۔

۔اب پیلا رنگ اور مٹن یخنی ڈال کر ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ تک دم دیں ۔

۔مزیدار بیف کباب بریانی سرو کرنے کے لیے تیار ہے ۔

فش سیخ کباب

اجزاء۔

مچھلی(بون لیس)۔آدھا کلو

بریڈ سلائسز۔2

ادرک لہسن پیسٹ۔1چائے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

کٹی لال مرچ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

گرم مصالحہ۔1چائے کا چمچ

اجوائن۔آدھا چائے کا چمچ

میتھی۔1چائے کا چمچ

ہری مرچ۔2-3

دھنیا۔1چوتھائی کپ

پیاز۔ 1کپ

انڈہ۔1عدد

ترکیب۔

ایک چوپر میں مچھلی، بریڈ سلائسز، ادرک لہسن پیسٹ،کٹی لا ل مرچ، گرم مصالحہ،نمک اور زیرہ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح چوپ کر لیں۔ اب ایک برتن میں مچھلی کا مکسچر، پیاز، میتھی، لال مرچ ، دھنیا ، انڈہ اور اجوائن ڈال کر اچھی طرح ہاتھوں سے مکس کریں۔ مچھلی کا مکسچر لیں اور اس کے کباب بنالیں۔ درمیانی تیز آنچ پر گرل کر لیں یا ہلکا فرائی کر لیں۔ رائتہ اور چٹنی کے ساتھ سرو کر یں۔

غلافی کباب

اجزاء۔

چکن قیمہ۔600گرام

چوپڈ پیاز۔2عدد

چوپڈ ٹماٹر۔2عدد

سبز شملہ مرچ۔2عدد

دھنیے کے پتے۔1کھانے کا چمچ

سبز مرچیں۔ 1کھانے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

کھانے کا تیل۔حسبِ ضرورت

کاجو۔20گرام

بادام۔ 20گرام

پودینہ۔10گرام

لال مرچ پاؤڈر۔1کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔1کھانے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔1کھانے کا چمچ

فریش کریم۔1کھانے کا چمچ

کیوڑا واٹر۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک گرینڈر میں قیمہ، پیاز،نمک، لال مرچ پاؤڈر، گرم مصالحہ، ادرک لہسن پیسٹ، زیرہ پاؤڈر، لیموں کا رس، دھنیے کے پتے، پودینے کے پتے، سبز مرچیں، فریش کریم، کیوڑا واٹر، کاجو اور بادام ڈال کر تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح گرینڈ کر لیں۔ اب اس قیمے کے مکسچر کو لکڑی کی سیخ پر لگا کر کباب بنا لیں۔ پھر ایک پلیٹ میں چوپڈ پیاز،چوپڈ سبز شملہ مرچ اور چوپڈ ٹماٹرڈالیں۔ اب یہ تمام سبزیاں کباب کے ساتھ اچھی طرح لپیٹ لیں۔پھر تیار کئے ہوئے کباب کو 180' ڈگری پر آٹھ سے دس منٹ کے لئے بیک کر لیں۔

راجستھانی سیخ کباب

اجزاء۔

گوشت۔1000گرام

تیل۔حسبِ ضرورت

لونگ۔ 9 ملی گرام

کالی مرچ۔ 20 گرام

پیاز۔ 125 گرام

ادرک۔ 50 گرام

خشک دھنیا۔ 10 گرام

نمک۔ 10 گرام

سرخ مرچ۔ 20 گرام

دہی اور میدہ۔ حسبِ ضرورت

بادام ۔چند گریاں

ترکیب۔

گوشت کے پارچے بنا لیں۔ انہیں سل پر رکھ کر کوٹیںاور پیاز اور ادرک کا عرق ان پر مل لیں۔پھر مصالحے پیس کر اس میں تھوڑا دہی اور تیل ملا کر پارچوں کو بگھار دیں ۔پھر انہیں سیخوں پر چڑھا کر آگ پر پکائیں اور سیخوں سے اتار کر رکھ لیں۔تھوڑی پیاز بہت باریک کتریں اور تھوڑے سے تیل میں بھون لیں۔ پھر اسے تیل اور لال مرچوں کے ساتھ آمیز ہ بنالیںاور مصالحے شامل کرکے بگھار دیںلیں۔ پھرگوشت کے پارچوںکو لپیٹ دیں۔اب ان پارچوں کو ایک بار پھر سیخوں پر چڑھا دیں۔اس دوران میں بادام پیس کر تھوڑے دودھ اور میدے کے ساتھ آمیزہ بنا لیں۔ اس آمیزے کو لونگ کا بگھار دیں لیں۔ جب کباب سیخوں پر پک رہے ہوں یہ آمیز ہ ان پر لگائیں۔مزیدار راجستھانی سیخ کباب تیار ہیں۔

لکھنوئی کباب

اجزاء۔

گائے کا قیمہ۔ آدھا کلو

پپیتےکا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

تیل ۔تلنے کے لیے،پیاز ۔ایک عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

دہی۔ ایک چوتھائی کپ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹا ہوا)

کھوپرا ۔دو کھانے کے چمچ

خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

جائفل جاوتری۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

دار چینی ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

لال مرچ ۔ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ،بیسن۔ چار سے پانچ کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ ایک چوتھائی گٹھی (کٹا ہوا)

کوئلہ ۔ایک عدد،لیموں کا رس ۔چھڑکنے کے لئے

ترکیب۔

پہلے پیالے میں قیمہ کو ایک کھانے کا چمچ پپیتا پیسٹ لگاکر ایک طرف رکھ دیں۔اب کڑاہی میں تھوڑا سا تیل گرم کرکے پیاز کو شامل کرکے تھوڑا سا پکائیں۔جب رنگ تبدیل ہونے لگے تو ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے تھوڑا سا پکائیں۔پھر اس میں قیمہ شامل کرکے اچھی طرح بھون لیں یہاں تک کہ اس کا تمام پانی خشک ہو جائے۔پھر اس میں دہی، زیرہ، کھوپرا، خشخاش، پسا گرم مصالحہ، پسی جائفل جاوتری، پسی لال مرچ، پسی دار چینی اور نمک شامل کرکے خوب اچھی طرح پکائیں۔جب تمام پانی اچھی طرح سے خشک ہو جائے تو اسے چوپر میں بیسن کے ساتھ اچھی طرح پیس لیں۔اب اسے پیالے میں نکال کر انگلی کے سائز کے کباب بنائیں اور تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔ہلکا گولڈن کلر آنے پر نکالیں اور ایک کڑاہی میں رکھیں۔اب کوئلے کو دہکا کر المیونیم کے ٹکڑے پر رکھ کر کڑاہی میں رکھیں۔تھوڑا سا تیل ڈال کر ڈھکن بند کر دیں۔دو سے تین منٹ بعد کوئلہ ہٹا کر تھوڑا سا ہرا دھنیا اور لیموں کا رس چھڑک کر گرم گرم سرو کریں۔