میگھن اور ہیری آرچی کی تقریب بپتسمہ کو پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں

July 01, 2019

لندن (جنگ نیوز) میگھن اور ہیری اپنے بیٹے آرچی کو بپتسمہ دینے کی تقریب کو شاہی روایت کے خلاف پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں۔ برطانوی اخبار مرر کے مطابق میگھن مارکل اور پرنس ہیری اپنے بیٹے کو پرائیویٹ شہری کے طور پر پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ تاہم یہ معلوم ہونے پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے کہ عوام نے ان کے گھر کے لیے24لاکھ پونڈ خرچ کیے ہیں۔ اخبار کے مطابق ولیم اور کیٹ کے بچوں کے برعکس جن کی تقریب کے دنوں میں تصاویر لی گئی تھیں، ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس اپنے بیٹے کی پرائیویٹ تقریب کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ یہ رپورٹس جوڑے کے ونسر گھر فروگ مور کاٹج کی آرائش کے لیے24لاکھ پونڈ کا بل سامنے آنے کے بعد آئی ہیں اور کام مکمل ہونے تک خرچ30لاکھ پونڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ پرنس ہیری کی بائیو گرافی لکھنے والی پینی جونیئر نے تقریب کو پرائیویٹ بنانے کو غلطی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ جوڑا دو کشتیوں میں سوار نہیں ہوسکتا یا تو وہ مکمل طور پر پرائیویٹ ہوجائیں اپنے گھر کے لیے خود خرچ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ وہ ہیری اور میگھن کے مکان کے لیے کیوں30لاکھ پونڈ ادا کررہے ہیں۔ آرچی کی رسم بپتسمہ اگلے ہفتے ونسر کے سینٹ جارجز چیپل میں ہوگی جہاں گزشتہ سال ان کے والدین کی شادی ہوئی تھی، میگھن کی ماں ڈوریا ریگ لینڈ امریکہ سے آئیں گی جبکہ چارلس اور کیمیلا کی طرح ولیم اور کیٹ بھی شرکت کریں گے۔