کراچی میں سی این جی مہنگی ہونے پر بسوں کی ہڑتال

July 02, 2019

سی این جی کے نرخ میں اضافے کے بعد شہر میں بسیں غائب ہو گئیں، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے غیر اعلانیہ ہڑتال کی ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے بیشتر بسیں سڑکوں سے غائب ہیں، بسوں کی کمی کے سبب خواتین سمیت دفاتر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد فی کلو سی این جی کی قیمت میں 19 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بیشتر اسٹیشنز پر سی این جی 123 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے، اعداد و شمار کے مطابق سی این جی کی قیمت میں گزشتہ اکتوبر سے 41 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہو چکا ہے۔

گزشتہ روز سندھ میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ٹرانسپورٹرز نے آج سے غیر اعلانیہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ سی این جی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد بسیں چلانا ممکن نہیں، کرایوں میں اضافے کی بات بعد میں طے کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ سی این جی پمپس مالکان من مانی کرتے ہوئے پہلے ہی آہستہ آہستہ قیمتیں بڑھاتے رہے ہیں۔

دوسری جانب آن لائن ٹیکسی سروس نے بھی اپنے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے متعلق ڈرائیورز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔