اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ کیلئے حاصل بزنجو پر اتفاق

July 11, 2019

حزب اختلاف نے چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق کر لیا۔

مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مسلم لیگ نون کی جانب سے میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ نواز شریف نے بلوچستان کو حق دینے کے لیے اس عہدے کے لیے میر حاصل بزنجو کا نام تجویز کیا ہے۔

ادھر چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت مکمل کرلی، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے بھی چیئرمین سینیٹ کے لیے میر حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق کر لیا۔

اس بات کا اعلان کمیٹی ممبران کی غیر رسمی ملاقات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بلوچستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر میر حاصل بزنجو مضبوط امیدوار بن گئے ہیں، تاہم اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے راجہ ظفر الحق کے نام پر بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کے نام پر اتفاق ہونے کے بعد رہبر کمیٹی کے اگلے اجلاس میں میر حاصل بزنجو کا نام حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔