انگلش بولروں نے آؤٹ کلاس کردیا، آسٹریلوی کپتان

July 11, 2019

آسٹریلیا ورلڈ کپ کے اعزاز کا دفاع نہ کرسکا۔ کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ انگلش بولروں نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا اور سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

انگلینڈ نے ابتدائی دس اوورز میں ہمیں میچ سے باہر کردیا تھا اور ہم بڑے میچ میں مکمل آؤٹ کلاس ہوگئے۔ میزبان ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور سیمی فائنل میں ان کی کارکردگی حیران کن نہیں تھی۔

ایجبسٹن میں آٹھ وکٹ کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں ایرون فنچ نے کہا کہ کرس ووکس ورلڈ کلاس بولر ہیں۔ انگلش فاسٹ بولروں اور عادل رشید نے ہمیں زیادہ مواقع نہیں دیئے، حالانکہ اسٹیو اسمتھ نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن اس کے بعد انگلش بیٹنگ نے ہمیں آؤٹ کلاس کردیا۔

انہوں نے کہا کہ فائنل میں اچھے مقابلے کی توقع ہے۔ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ اچھا کھیلا، لیکن جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے میچوں میں ہم نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی۔

ایرون فنچ نے کہا کہ انگلش تماشائیوں سے ہمیں ایسی ہی توقع تھی۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ ایجبسٹن کے تماشائی بہت اچھے ہیں، لیکن یہاں ہمارا ریکارڈ ہمیشہ ہی زیادہ اچھا نہیں رہا ہے۔

انگلش کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ہم خوش ہیں کہ ہوم گراؤنڈ پر فائنل کھیلنے اور پہلا ورلڈ کپ جیتنے کا موقع ملا ہے۔

برمنگھم میں ہم نے جس طرح بھارت کو ہرایا تھا، اس گراؤنڈ پر ہم اسی اعتماد کے ساتھ اترے اور کامیاب رہے۔

انگلینڈ کے کرس ووکس نےبیس رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔

ووکس کا کہنا تھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میری کارکردگی سے ٹیم جیتی ہے۔