اکبر ایکسپریس حادثے کی ایک اور زخمی خاتون چل بسی

July 12, 2019

رحیم یارخان میں گزشتہ روز پیش آنے والے اکبربگٹی ایکسپریس کے حادثے کی ایک اور زخمی خاتون چل بسی جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔

شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کے ایم ایس غلام ربانی کےمطابق یہ زخمی خاتون شیخ زید اسپتال میں زیرِ علاج تھی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے جبکہ 90 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق لوپ لائن سے حادثے کا شکار ٹرین اور مال گاڑی کا ملبہ اٹھانے کا کام آج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

ادھر صادق آباد ٹرین حادثے کے بعد سے کراچی میں بھی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، ریلوے ذرائع کے مطابق قراقرم اور شاہ حسین ایکسپریس 5 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی پہنچیں گی۔

ریلوے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملت ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور تیز گام 2 سے 3 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچیں گی جبکہ کراچی ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوں گی۔

گزشتہ روز اکبر بگٹی ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر لوپ لائن میں کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں یہ اندوہناک سانحہ رونما ہوا تھا۔