مایوس گپٹل دھونی کو رن آؤٹ کرکے خوش

July 12, 2019

نیوزی لینڈ کے بیٹسمین مارٹن گپٹل نے تین دن پہلے اولڈ ٹریفورڈ کے سیمی فائنل میں بھارت کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کو ایسے وقت پر براہ راست تھرو سے رن آوٹ کیا جب وہ بھارت کو جیت کی طرف لے جارہے تھے۔

اسی رن آوٹ کے بعد دھونی سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ لے لیں۔ مارٹن گپٹل کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں مجھے اپنی بیٹنگ کارکردگی کی وجہ سے مایوسی ہوئی ہے لیکن خوشی ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو رن آؤٹ کرکے مجھے شہرت ملی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ شائقین مجھ سے میری کارکردگی کی وجہ سے مایوس ہیں، لیکن مجھ سے زیادہ مایوس کوئی اور نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ فائنل میں ناکامیوں کا ازالہ کروں گا، ایسی کارکردگی دکھاؤں گا جس کی مجھ سے توقع کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ مارٹن گپٹل ورلڈ کپ کی پانچ اننگز میں ڈبل فیگر تک بھی نہیں پہنچ سکے ہیں۔ سیمی فائنل میں دھونی کو آؤٹ کرکے انہوں نے شہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل نے9 میچوں میں167رنز بنائے ہیں۔ مارٹن گپٹل نےدو میچوں میں کوئی رن نہیں بنایا، ایک میچ میں انہوں نے73 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔