ایشیائی ترقیاتی بینک کا بی آر ٹی منصوبے پر تحفظات کا اظہار

July 14, 2019

پشاور(نمائندہ جنگ) ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے تحفظات کے اظہار کے بعدسیکرٹری ٹرانسپورٹ ذاکر حسین نے ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر محمد عزیر کے ہمراہ بی آر ٹی کوریڈور کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دورے کا مقصد ایشیائی ترقیاتی بینک کی ہدایات کی روشنی میں کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ تھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کا تمام عملہ بھی موجود تھا - ان کا مزید کہنا تھا کہ بیشتر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی ماندہ پر کام جاری ہے۔ اے ڈی بی کی پراجیکٹ پر مکمل نظر ہے اور گاہے بگاہے ان کے بین الاقوامی ماہرین دورہ کر کے کام کے معیار کا معائنہ کرتے ہیں۔ میڈیا کوآرڈینیٹر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چند عناصر نے اے ڈی بی کی پرانی رپورٹ میں بتائی گئی ہدایات کو میڈیا میں غلط طریقے سے پیش کیا ہے، اپنے حالیہ دورے میں اے ڈی بی کے وفد نے تمام ہدایات کا معائنہ کر کے منظوری دے دی ہے جس کے بعد ان پر تیزی سے کام جاری ہے۔ تمام کاموں کے لیے ٹھیکیدار سے ورک پلان پہلے ہی طلب کر لیا گیا ہے جس کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انہوں نی مزید بتایا کہ کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور تمام کام اہمیت کے حامل ہیں۔ عوام کی توقعات اس منصوبے کی تکمیل سے جڑی ہوئی ہیں۔ بی آر ٹی اس شہر کا مستقبل ہے اور اس کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر ہونگی۔