ای کورٹ کے ذریعے لوگوں کے پیسے اور وقت کی بچت ہوگی،چیف جسٹس

July 16, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،صباح نیوز)چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ای کورٹ کے ذریعے لوگوں کے پیسے اور وقت کی بچت ہوگی، ہم جلد ہی لاہور اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے بیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کرینگے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بنچ نے پیر کے روز سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ کے مختلف مقدمات کی اسلام آباد پرنسپل سیٹ پر ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی۔عدالت نے حاجی علی رضا کو زخمی کرنے کے ملزم مشتاق حسین کی دو سال قید کی سزاکالعدم قرار دیدی۔ دوران سماعت فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ کوئٹہ والوں کو سلام، آج تاریخی دن ہے، میری خواہش تھی ای کورٹ کا آغاز کوئٹہ سے ہوتا تاہم تکنیکی مسائل کیوجہ سے ہمیں ای کورٹ کا آغاز کراچی برانچ رجسٹری سے کرنا پڑا تھا۔