مریم نواز، نصرت شہباز شریف کو انکم ٹیکس ادائیگی کے نوٹس

July 16, 2019

لاہور (نمائندہ جنگ)ایف بی آر نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو انکم ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ 23 جولائی تک عدم ادائیگی کی صورت میں اکاؤنٹس منجمد کر کے ریکوری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے شعبے ان لینڈ ریونیو نے مریم نواز کو 6 لاکھ 57 ہزار 283 روپے انکم سپورٹ لیوی، 6 لاکھ 684 روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کر دیا۔ انہیں ٹوٹل 12 لاکھ 57 ہزار 907 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔مریم نواز کے سال 2013 کے ٹوٹل منقولہ اثاثہ جات 13 کروڑ 14 لاکھ 44 ہزار 578 روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔ایف بی آر نے نصرت شہباز کو 90 ہزار 210 روپے انکم سپورٹ لیوی، 82 ہزار 449 روپے ڈیفالٹ سرچارج عائد کیا ہے۔ انہیں ٹوٹل ایک لاکھ 72 ہزار 659 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ نصرت شہباز کے سال 2013 کے مووایبل اثاثہ جات ایک کروڑ 90 لاکھ 42 ہزار 30 روپے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔مریم نواز، نصرت شہباز کو ٹیکس ادائیگی کیلیے 23 جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ وقت تک ٹیکس ادا نہ کیا تو اکاؤنٹس منجمد کر کے ریکوری کی جائے گی۔