سابق ایس ایچ او ویمن سنٹر سمیت 2 اہلکاروں کیخلاف ناجائز اسلحے کا حکم معطل

July 16, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن کورٹ نےفوجداری نگرانی میں سابق ایس ایچ او ویمن سنٹر سمیت2 اہلکاروں کے خلاف ناجائز اسلحہ کا چالان پیش کرنے کا مجسٹریٹ عدالت کا حکم معطل کرتے ہوئے بحث کے لئے سماعت 20 جولائی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت میں ویمن سنٹر کی سابق ایس ایچ او انعم سلیم اور اے ایس آئی بشیر احمد نے درخواست دائر کی تھی کہ انہوں نے ایک سال قبل تھانہ ویمن سنٹر ملتان میں خاتون سے زیادتی کے ملزم ذوالفقار وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جس پر ان کے خلاف مقدمہ غلط طور پر درج کرنے کی درخواست دی گئی جس میں آر پی او اور ریجنل انوسٹی گیشن برانچ کی علیحدہ علیحدہ تحقیقات میں ان کو معطل کر کے ان کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال اور غیر قانونی حراست رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ان کے ساتھی اے ایس آئی محمد نواز کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا جس کا چالان علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو دونوں درخواست گذاروں کیخلاف ناجائز اسلحے کے مقدمہ میں چالان پیش کرنے کا بھی حکم دیا گیا جو خلاف واقعات ہے اس لئے مذکورہ فیصلہ پر عملدرآمد منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔