کم آمدن والے دو ملین ورکرز کو حکومتی فنڈ ڈسک پے کا اہل قرار دینے کا منصوبہ

July 17, 2019

لندن (پی اے) کم آمدن والے دو ملین ورکرز کو پہلی بار حکومتی فنڈڈ سک پے کیلئے اہل قرار دیئے جانے کے امکانات ہیں۔ فی الوقت سک پے کیلئے کوالیفائی کرنے کے سلسلے میں ضروری ہے کہ ورکر کی کم از کم اجرت 14گھنٹے کی آمدن کے مساوی ہو۔ حکومت اس کا جائرہ لے رہی ہے کہ آیا اس حد سے کم آمدن والے ورکرز کو بھی اس سک پے کا اہل قرار دیا جائے۔ سک لیو کے بعد واپس کام پر آنے والوں کی مزید مدد بھی کی جا سکتی ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں ترامیم پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ہیلتھ سیکریٹری میٹ ہینکاک نے کہا کہ ہمیں ان رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، جو معذور افراد اور بیماروں کو ان کی بھرپور استعداد تک پہنچنے کی راہ میں حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے ان لوگوں کی مدد ہو سکے گی اور یہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں گے۔ سرکاری سک پےکا اہل ہونے کیلئےورکرز کی کم از کم 118 پونڈ فی ہفتہ اجرت ہو۔ اس حد پر ہر سال نظرثانی کی جاتی ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ اس سے شارٹ ٹرم کنٹریکٹس یا فری لانس گگ ورکرز کو فائدہ پہنچے گا۔ ڈپارٹمنٹ فار ورک اینڈ پنشنز نے کہا کہ حکومت سک پے کو زیادہ لچک دار بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ وہ سک نیس کے بعد کام چھوڑنے والے افراد کی تعداد میں کمی لائے۔ کم از کم چار ہفتے کی بیماری کی چھٹیوں کے بعد 100000 سے زائد ورکرز کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، جس سے لیبر مارکیٹ میں افرادی قوت متاثر ہوتی ہے۔ حکومت نئی تجاویز کے تحت ایسے افراد کو مرحلہ وار کام پر واپس لانا چاہتی ہے۔ جس کے دوران ان کو سرکاری فنڈڈ سک پے ملتی رہے گی۔ اس پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ آیا سک نیس غیر حاضری کے دوران جلد مداخلت کے سلسلے میں آجروں کی حوصلہ افزائی کیلئے لیگل گائیڈنس میں تبدیلی لائی جائے۔ مثال کے طور پر ملازمین کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنے ورکنگ پیٹرن میں موڈیفیکیشن کیلئے درخواست کر سکیں جیسا کہ کام پر واپس آنے میں مدد کے سلسلے میں لچکدار ورکنگ آورز کیلئے درخواست کرنے کا حق ہے۔