جگر کے عارضے میں مبتلا علی نور نے خیریت سے آگاہ کر دیا

July 17, 2019

پاکستانی گلوکار علی نور کی طبیعت کے حوالے سے رواں ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا ہیں جس کے بعد مداح ان کے لیے کافی پریشان ہوگئے تھے تاہم اب گلوکار نے خود مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا ہے۔

گلوکار نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں جبکہ انہوں نے مداحوں کی دعاؤں اور سپورٹ پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

علی نور نے یہ بھی لکھا کہ وہ جلد ایک اہم اعلان بھی کرنے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ کئی عرصے سے ایک پروجیکٹ پر کام کررہے تھے جس کا اعلان وہ پہلے ہی کردیتے تاہم طبیعت کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی۔ علی نور کے مطابق اس نئے اعلان کے بعد مداحوں کو ماضی کی کئی باتیں یاد آجائیں گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں علی نور کے بھائی اور انکل نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ علی نور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں، اُن کا جگر ناکارہ ہوگیا ہے اور اُنہیں مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ جس کے بعد ہر کوئی ان کی خیریت جاننے کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کرنے لگا۔

بعدازاں علی نور کے بھائی علی حمزہ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ علی نور کی حالت پہلے سے بہتر ہے، ان کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔