موثر لنکڈاِن پروفائل بنانے کیلئے مفید تجاویز

July 21, 2019

انٹرنیٹ صرف تفریح کا سامان لیے ہوئے ہی نہیں ہے، یہ سماجی رابطوں کے ذریعے مستقبل کے حوالے سے آپ کے لیےمثبت راہیں ہموار کرسکتا ہے۔ سماجی ویب سائٹ یا چند مفید ایپس کی ہی مثال لے لیں جو آپ کی زندگی بدل سکتی ہیں ، ان میں سے ایک خاص اور مفید ایپ لنکڈاِن بھی ہے، جو پیشہ ورانہ لوگوں میں معروف و مقبول ہے۔

لنکڈاِن ویب سائٹ 2003ء میں وجو د میں آئی اور 2019ء کے وسط تک اس کے ممبران کی تعداد 57کروڑ 50لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ زیادہ تر لوگ اس ویب سائٹ کو پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے اور بزنس نیٹ ورک بڑھانے کیلئے استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس ویب سائٹ پر ہر بزنس، فیلڈ اور کارپوریٹ سیکٹر کے پیشہ ور افراد، مالکان، ملازمین اور طلبا موجود ہوتے ہیں۔ یہاں آپ فوری طورپر اپنی انڈسٹری اور فیلڈ کے افراد سے تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔ ویسے تو اس کے بنیادی استعمال کی کوئی فیس نہیں لیکن اس کے پریمیم ورژن کی باقاعدہ فیس ہے جس کے ذریعے آپ کو کئی فیچرز دستیاب ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی لنکڈاِن پروفائل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو درج ذیل مشورے آپ کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں ۔

٭ آپ کا URLانٹرنیٹ پر آپ کے لنکڈ اِن پروفائل کا ایڈریس ہوتاہے ،جسے آپ نے ایسے سیٹ کرنا ہے کہ کسی کی جانب سے تلاش کرنے کی صورت میں سرچ انجن میں آپ کی پروفائل فہرست میں سب سے اوپر آئے۔ اس کیلئے آپ کو اپنا پروفائل ایڈریس دوسروں سے منفرد بنانا ہوگا تاکہ ہم نام لوگوں میں آپ کوتلاش کرنا مشکل نہ ہو،مثلاً اپنے نام کے ساتھ شہر کا نام جیسے آپ کراچی کے ہیں تو KHIدرج کریں تاکہ آپ کا نام منفرد ہو جائے۔

٭اپنے کیریئر کے بار ے میں معلومات مختصراً لیکن جامع انداز میں بیان کریں، کوشش کریں کہ یہ 300الفاظ سے زیادہ نہ ہو اور جس شعبے میں آپ ملازمت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اسے سب سے اوپر ضرور لکھیں ، جیسے ’’ میں ملٹی نیشنل کمپنی میں مارکیٹنگ کی جاب کی تلاش میں ہوں ‘‘۔

اس ضمن میں آپ اپنی موجودہ اور سابقہ ملازمتوں کا بھی ذکر کریں اور ان کو سال کے مطابق ترتیب سے لکھیں اور جو ذمہ داریاں آپ نبھاتے آرہے ہیں، ان کے بارے میں بھی تفصیل سے لکھیں۔ ایسا کرنے سے پروفائل پڑھنے والا ایک نظر میں جانچ لے گا کہ اسے آپ کی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ سب سے اہم مرحلہ ہوتاہے ، اس میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ تسلی سے کام کریں اور کوشش کریں کہ کوئی اہم بات رہ نہ جائے۔ اس سلسلے میں دو تین دن بھی لگ جائیں تو کوئی مضائقہ نہیں، آخر کار آپ کی پروفائل نے ہی آپ کا مقدمہ لڑنا ہے، لہٰذا اس امر کو سنجیدگی سے لیں۔

٭’’ اسکلز ایند ایکسپرٹیز ‘‘ کے خانے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے بارے میں لکھیں، جیسے کہ آپ کا تعلق مارکیٹنگ کے ادارے سے ہے تو اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں جیسے کلائنٹ سروسنگ، ٹیم ورک، مارکیٹنگ کیمپئین ڈیزائن کرنا، ریسرچ کرنا، ڈیٹا اینالائز کرنا، ٹارگٹ آڈیئنس کا تعین کرنا وغیرہ میں سے کسی ایک یا ایک سے زائد کا ذکر آپ کرسکتے ہیں، جن میں آپ سمجھتے ہیں کہ آپ واقعی اپنے آپ کو اہل ثابت کرسکتے ہیں۔

٭ویسے تو سفارش اچھی چیز نہیں لیکن لنکڈاِن کی سفارشیں یا ریکمنڈیشن بری نہیں۔ کم سے کم چار پانچ ایسے کامیاب افراد تلاش کریں جو آپ کی پروفائل کو ریکمنڈ کرسکیں، ویسے اس سلسلے میں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، اگر آپ کی سابقہ ملازمتیں اچھی رہی ہیں تو آپ کی فیلڈ کے افراد یہاں تک کہ مطمئن کلائنٹس بھی آپ کی پروفائل کو ریکمنڈ کردیں گے۔

دراصل لنکڈاِن پر ریکمنڈیشن کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے اپنے بارے میں جو توصیفی اور خود نمائی والے کلمات لکھے ہیں ان کی توثیق آپ کی سابقہ کمپنی کے دوست اور مالکان کرتے ہیں۔ یہ باتیں افسانوی نہیں ہیں بلکہ حقیقت ہیں، یعنی آپ اپنے منہ میاں مٹھو نہیں ہیں بلکہ آپ کی فیلڈ کے نمایاں لوگ بھی آپ کی صلاحیتوں سے متاثر ہیں، ان کی ریکمنڈیشن سے آپ کی پروفائل بہتر اور متاثر کن ہوجائے گی۔ اگرآپ کو اپنی لنکڈاِن پروفائل کو مزید متاثر کن بنانا ہے تو اس سلسلے میں یوٹیوب پر ویڈیوز دستیاب ہیں، جن سے آپ استفاہ حاصل کرسکتے ہیں۔

٭جب آپ کی لنکڈاِن پروفائل بن جائے تو پھر آپ کو زیاد ہ سے زیادہ پیشہ ورانہ لوگوں سے رابطہ بڑھانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ آپ جتنے زیادہ رابطے بڑھائیں گے، اتنی ہی آپ کی پروفائل مؤثر ہوتی چلی جائے گی۔ اس کا آپ کو یہ فائدہ ہوگا کہ لنکڈاِن پر جُڑنے والے لوگ کسی بھی کمپنی میں جاب دلوانے میں آپ کی معاونت کرسکتے ہیں۔

٭ یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ لنکڈاِن کو پیشہ ورانہ لحاظ سے ہی استعمال کریں، نہ کہ فیس بک یا ٹوئٹر وغیر ہ کی طرح۔ اس فورم پر کسی بھی قسم کے لسانی، نسلی، سیاسی یا مذہبی خیالات کا اظہار نہ کریں اور نہ ہی اس قسم کی روش اپنانے والوں سے تعلقات قائم کریں، ورنہ آپ کی پروفائل کو spamتصور کیے جانے پر آپ کا امیج خراب ہو سکتاہے۔