پاکستان کے معاشی بحران کی وجہ سابق حکمراں ہیں، حاجی عبدالعزیز

July 20, 2019

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) چیئرمین یوکے یورپ اینڈ پاکستان بزنس فورم حاجی عبدالعزیز نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت جس معاشی بحران کا شکار ہے۔ اس کی وجہ سابق حکمرانوں کی ہوش رباء کرپشن اور اللے تللےتھے۔ جن کے قصے آج کل برطانوی اخبارات کی زینت بن رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اور معاشی ٹیم جس طرح بڑے سخت فیصلے کر رہی ہے اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور کرپشن کو روکنے پر زور دے رہی ہے اس سے ایک امید کی کرن پیدا ہو رہی ہے کہ پاکستان جلد معاشی بحران پہ قابو پا لے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ بیرون ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ خصوصاً اوورسیز پاکستانی جو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔ حاجی عبدالعزیز نے کہا کہ وہ برطانیہ اور یورپ میں بسنے والے اوورسیز پاکستانی کاروباری شخصیات سے ملتے رہتے ہیں اور ان کی آراء بھی لیتے رہتے ہیں۔ لوگوں کی اکثریت پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔خصوصی طور پہ انرجی اور تعمیرات میں لوگوں کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔صرف حکومت پاکستان کی طرف سے گرین سگنل اور جامع میکنزم کا انتظار ہے کہ حکومت کس طرح بیرون ممالک سے سرمایہ کاروں کو سہولیات اور تحفظ فراہمی کرے گی تاکہ سرمایہ دار احساس تحفظ کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔یقیناً عمران خان کی حکومت پہ اعتماد ہے اوراسی اعتماد کی بنیاد پہ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔