بین پارٹنر شپ سینٹر کو کوئنز ایوارڈ کی تقریب میں جیمز شیرا کی شرکت

July 20, 2019

لندن (جنگ نیوز) لارڈ لیفٹیننٹ آف واروک شائر ٹموتھی کاکس نے گزشتہ روز بین پارٹنر شپ سینٹر کی رضاکارانہ خدمات کے اعتراف کے طور پر ملکہ کی جانب سے اسے کوئنز ایوارڈ سے نوازا، اس موقع پر کونسلر ڈاکٹر جیمز شیرا کو ادارے کے بانی ڈائریکٹر کی حیثیت سے مہمان اعزازی کے طور پر بلایا گیا اور ان سے بین پارٹنر شپ کی جانب سے رگبی کی مختلف کمیونٹیز کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی سماجی اور ثقافتی ایڈجسٹمنٹ کیلئے ادارے کے عملے اور رضاکاروں کی جانب سے انجام دی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالنے کی درخواست کی گئی۔ جیمز شیرا نے اس موقع پر بین وارڈ میں قائم ادارے کو، جس کی وہ گزشتہ 36سال سے نمائندگی کررہے ہیں، ایوارڈ دینے کیلئے رگبی آنے پر لارڈ لیفٹننٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں دیگر شخصیات کے علاوہ ڈپٹی لیفٹننٹ آف واروک شائر ڈاکٹر ایرک ووڈ او بی ای، کائونٹی کونسل کے سربراہ، نکولا ڈیویز اور رگبی کے میئر کونسلر بل لیوس، سابقہ میئرز کائونٹی اور برو کے کونسلرز اور مختلف عقائد اور کمیونٹیز سےتعلق رکھنے والے معروف رہنمائوں نے شرکت۔ تقریب کے اختتام پر ادارے کے عملے اور رضاکاروں نے شرکا کے ساتھ کھانا کھایا۔ کونسلر جیمز شیرا نے اس سینٹر کو امیدوں اور تمنائوں کا محور بنانے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔